سری لنکا میں خوفناک حادثہ، سیاحوں کی بس کھائی میں گرنے سے 15 ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
کولمبو میں ایک المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیاحوں سے بھری ایک بس پہاڑی علاقے میں بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 18 زخمی ہو کر اسپتال منتقل کیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ سری لنکا کے صوبہ اوا (UVA) کے سیاحتی قصبے ایلا کے قریب پیش آیا۔ بس رات گئے ایک دوسری گاڑی سے ٹکرائی اور قابو سے باہر ہو کر تقریباً ایک ہزار فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں مقامی افراد کے ساتھ غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اس اندوہناک حادثے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ حادثے کی اصل وجوہات کیا تھیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کھارادر کی عمارت میں لفٹ گرگئی، 10 افراد زخمی
کھارادر میں رہائشی عمارت کی لفٹ گرنے سے 10 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کھارادر پون کمار نے بتایا کہ کھارادر تھانہ کی حدود اچھی قبر بمبئی بازار کے قریب 7 منزلہ رہائشی عمارت سٹی مال کی لفٹ اوپری منزل سے گراونڈ فلور کی طرف آرہی تھی کہ ممکنہ فنی خرابی کے سبب لفٹ کا بیلٹ ٹوٹ گیا اور وہ گر گئی۔
لفٹ گرنے سے اس میں سوار 10 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسیکو ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو لفٹ سے نکال کر ریسیکو ایمبولینسوں سے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔ سب زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ یہ تمام زخمی افراد بلڈنگ کے ہی رہائشی ہیں۔ اس عمارت کے گراونڈ فلور پر دکانیں اور اوپری منزلیں رہائشی یونٹس ہیں۔
ایدھی حکام کے مطابق لفٹ گرنے سے زخمی ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ جنید ولد نور محمد۔35 سالہ الطاف ولد عبدالقاد، 30 سالہ محمد سہیل ولد اقبال، 28 سالہ ندیم ولد اجمل، 17 سالہ مبشر ولد اقبال ۔18 سالہ عفان ولد زاہد، 40 سالہ نفیس ولد رفیق، 40 سالہ سراج الدین ولد فضل الدین، 35 سالہ واحد گل ولد گل محمد اور 38 سالہ ریحان ولد اخلاق احمد کے ناموں سے ہوئی۔