شہدا کو خراج عقیدت، یوم دفاع انتہائی سادگی اور عاجزی کے ساتھ منایا جائے گا، آئی ایس پی آر
اشاعت کی تاریخ: 6th, September 2025 GMT
راولپنڈی:
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع و شہدا انتہائی سادگی اور عاجزی کے ساتھ منایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے یوم دفاع و شہدا کی 60 ویں سالگرہ پر بہادر شہدا اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم اور ناقابل شکست حوصلے کی علامت ہے، اس روز پاکستانی افواج نے پوری قوم کی بھرپور حمایت سے دشمن کی عددی اور عسکری برتری کو خاک میں ملاتے ہوئے اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ شہدا اور غازیوں کی جرات اور قربانیوں نے تاریخ پر یہ لازوال نقش ثبت کیا کہ متحد قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
مزید کہا کہ ہمارے شہدا کی بہادری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ زندہ رہیں گی، آج پوری قوم اپنے شہدا، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج نہ صرف بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے مقابل ڈٹی رہیں بلکہ ہر قدرتی آفت اور آزمائش میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں، موجودہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے بھی افواج پاکستان بھرپور تعاون فراہم کریں گی اور یوم دفاع و شہدا انتہائی سادگی اور عاجزی کے ساتھ منایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ افواجِ پاکستان مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت چوکس اور تیار ہیں، پاکستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، خوش حالی اور طاقت عطا فرمائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: آئی ایس پی آر نے یوم دفاع جائے گا اور ان کہا کہ
پڑھیں:
آزاد کشمیر آل پارٹیز کا مسلح افواج سے یکجہتی کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ
اعلامیہ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے، آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس میں آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی، 21 ستمبر سے مسلح افواج سے یکجہتی کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اے پی سی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معرکہ حق میں فتح سے تحریک آزادی کشمیر کے حوصلے بلند ہوئے، معرکہ حق میں فتح سے مسئلہ کشمیر عالمی منظر نامے میں بھرپور طریقے سے اجاگر ہوا، معرکہ حق کی کامیابی کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے، آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ جاری کردہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی فورم یا پریشر گروپ کو مفاد عامہ کے فیصلے کا اختیار نہیں دیا جائے گا۔