پی آئی اے کا کینیڈا کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل
اشاعت کی تاریخ: 12th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے رواں ماہ پاکستان سے کینیڈا کے لیے اپنے فضائی آپریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن نے کینیڈا کے لئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پرمعطل کرنے کا اقدام بحر الکاہل کو پار کرنے والے خصوصی بوئنگ 777 لانگ رینج طیاروں کی ضروری میٹیننس کے لیے کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ طیارے بغیر رکے 17 گھنٹے مسلسل پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دونوں لانگ رینج طیاروں کو تین ہفتوں کے لیے تکنیکی معائنے اور پرزہ جات کی تبدیلی کے عمل سے گزارا جائے گا جو کہ ہر 10 سال بعد ناگزیر ہوتا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اس وقت طیاروں کی مرمت کا مقصد آنے والے مہینے میں متوقع مسافروں کے رش سے پہلے اپنے طیاروں کو مکمل طور پر تیار کرنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے اپنے مسافروں کو ہونے والی زحمت کے لیے معذرت خواہ ہے تاہم مسافروں کی حفاظت اور طیاروں کی مکمل فٹنس ہی اولین ترجیح ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
دبئی ایئرپورٹ پر اے آئی امیگریشن سسٹم متعارف، 3.4 سیکنڈ میں کلیئرنس
دبئی: دبئی ایئرپورٹ اے آئی امیگریشن سسٹم کے ذریعے مسافروں کے لیے سفر کو مزید تیز اور آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھا لیا گیا ہے۔ مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید بارڈر کنٹرول نظام کی آزمائش کامیاب رہی ہے، جس کے تحت مسافر صرف 3.4 سیکنڈ میں امیگریشن کا مرحلہ مکمل کر سکتے ہیں۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق اس جدید نظام میں اے آئی سے لیس بایومیٹرک کیمرے بیک وقت 10 مسافروں کی شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بغیر پاسپورٹ دکھائے امیگریشن کلیئر
نئے سسٹم کے تحت “ریڈ کارپٹ لین” استعمال کرنے والے رجسٹرڈ مسافروں کو پاسپورٹ یا بورڈنگ پاس دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہیں صرف اپنا چہرہ کھلا رکھ کر بایومیٹرک کیمرے پر موجود سبز اشارے کی طرف دیکھنا ہوگا، جس کے بعد شناخت کا عمل خودکار طور پر مکمل ہو جائے گا۔
ابتدائی مرحلے میں کن مسافروں کے لیے؟
ابتدائی طور پر اس جدید سسٹم کا آغاز دبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس کے مسافروں کے لیے کیا گیا تھا، تاہم کامیاب آزمائش کے بعد اب اس سہولت کو مزید آنے والے مسافروں تک توسیع دی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران 5 لاکھ 28 ہزار سے زائد مسافروں نے دبئی کے “اسمارٹ کوریڈور” سے استفادہ کیا، جبکہ گزشتہ سال 2 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے اسمارٹ گیٹس کے ذریعے سفر کیا۔
کن افراد کو یہ سہولت حاصل ہوگی؟
حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک کے شہری، یو اے ای کے رہائشی اور بایومیٹرک پاسپورٹ رکھنے والے ویزا آن ارائیول مسافر اس سہولت سے خودکار طور پر فائدہ اٹھا سکیں گے۔ تاہم 1.2 میٹر سے کم قد رکھنے والے بچوں کے لیے یہ نظام فی الحال دستیاب نہیں ہوگا۔
دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھس کا کہنا ہے کہ اس جدید ٹیکنالوجی کا مقصد سیکیورٹی کو برقرار رکھتے ہوئے امیگریشن کے عمل کو زیادہ تیز، آسان اور مؤثر بنانا ہے۔ ان کے مطابق مستقبل میں دبئی ایئرپورٹ اے آئی امیگریشن سسٹم تمام مسافروں کے لیے دستیاب ہوگا، جس سے ہوائی سفر کا تجربہ مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔