دریائے چناب میں سیلاب سے بندبوسن کے حالات سنگین، کئی بستیاں پانی میں ڈوب گئیں
اشاعت کی تاریخ: 18th, September 2025 GMT
دریائے چناب میں خزان پور کے مقام پر بندبوسن میں سیلاب سے بدستور شدید زمینی کٹاؤ جاری ہے جس کے باعث لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔
زمینی کٹاؤ سے درجنوں مکانات ملیامیٹ ہوگئے، متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت مکانوں سے ملبہ نکال رہے ہیں جبکہ لاکھوں کا نقصان ہوچکا۔
زرعی زمینیں اور آم کے باغات دریا برد ہونے لگے جبکہ اروی اور تلی کی فصلیں دریا کی نذر ہوگئیں۔
سیلاب کے باعث بستی کھوکھر اور بستی کھیڑا صفحہ ہستی سے مٹ گئیں جبکہ شدید زمینی کٹاؤ سے بجلی کے پول دریائے چناب کی نذر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہو رہا ہے اور سیلابی علاقوں میں بھی پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ ہے اور سیلابی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔