اسٹیل مل پل پر ڈاکوؤں نے انویسٹی گیشن پولیس کے دو افسران کو لوٹ لیا
اشاعت کی تاریخ: 22nd, September 2025 GMT
اسٹیل مل پل پر ڈاکوؤں نے انویسٹی گیشن پولیس کے دو افسران سے نقدی اور موبائل فونز چھین لیے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او بن قاسم فیصل رفیق نے بتایا کہ ہفتے کو دن دو بجے کے وقت شعبہ تفتیش کے دو افسران سب انسپکٹر نظام لغاری اور اے ایس آئی عزیز سادہ لباس میں اسٹیل مل پل پر موٹر سائیکل روک کر اپنے موبائل فون سے کسی کو کال کر رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو ان سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
تاہم، انویسٹی گیشن افسران موبائل فون کی لوکیشن سمیت دیگر شواہد پر کام کر رہے ہیں جلد ڈاکوؤں کا سراغ لگالیا جائیگا جبکہ بن قاسم پولیس بھی واردات سے متعلق مزید تفتیش کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: نجی سوسائٹی میں گھر پر 10 سے 15 ڈاکوؤں کا دھاوا، تشدد سے بزرگ شہری جاں بحق
کراچی:شہر قائد میں 10 سے 15 ڈاکوؤں نے نجی سوسائٹی میں ایک گھر پر دھاوا بول کر تشدد کرکے ضعیف العمر شخص کی جان لے لی۔
تفصیلات کے مطابق بن قاسم کے علاقے مکان نمبر B- 58 گلشن فلک ناز مین نیشنل ہائی وے گلشن حدید فیز 2 ایکسٹنشن میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کی وارات کے دوران تشدد کر کے 70 سالہ ضعیف العمر شخص کو شدید زخمی کر دیا تھا جسے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد جاوید کے نام سے کی گئی، انکے بیٹے عبدالرؤف نے میڈیا کو بتایا کہ رات میں تقریباً پونے چار بجے کے قریب دس سے پندرہ مسلح ملزمان ان کے گھر آئے تھے، ڈاکوؤں نے تمام گھر والوں کو یرغمال بنایا اور آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تشدد کیا، تقریباً دو گھنٹے سے زائد وقت تک مسلح افراد گھر میں واردات کرتے رہے، ڈاکوؤں نے تشدد کے دوران میرے والد کی ناک پر لوہے کی راڈ ماری جس سے وہ پہلے زخمی ہوئے اور پھر دورن علاج جاں بحق ہوگئے۔
عبدالرؤف کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے میری بیوی اور والدہ کو بھی تششد کا نشانہ بنایا، مسلح افراد جاتے ہوئے گھر کا سارا سامان لے گئے جس میں طلائی زیورات، نقدی ، موبائل فونز، دستی گھڑیاں، پلاٹ کی بلڈر فائل اور دیگر قیمتی سامان شامل ہے۔ ڈاکو سی سی ٹی وی کیمرے کا ڈی وی آر اور بیٹریز بھی ساتھ لے گئے۔
ایس ایچ او بن قاسم انسپکٹر فیصل رفیق کا کہنا ہے کہ نجی سوسائٹی کے 6 ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے، حراست میں لیے گئے افراد میں سیکورٹی گارڈز اور ایڈمن کے افراد شامل ہیں، جاں بحق ہونے والے شخص کے بیٹے نے الزام لگایا ہے کہ ان کا سوسائٹی کی مینجمنٹ سے جھگڑا چل رہا تھا۔ لواحقین تدفین کے بعد مزید قانونی کارروائی کریں گے۔
جاں بحق ہونے والے راؤ جاوید علی خان پاکستان اسٹیل میں سابقہ ڈپٹی مینجر ایس ایم ڈی تھے، مقتول کی نماز جنازہ ہفتے کو بعد نماز ظہر گھر کے قریب جامع مسجد میں ادا کی گئی جبکہ مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔
رواں سال یکم جنوری سے اب تک ڈاکو مختلف وارداتوں کے دوران 63 شہریوں کو قتل کرچکے ہیں جبکہ پولیس سب اچھا ہے کہ گن گا رہی ہے۔