ایمان مزاری اور ان کے شوہر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ ایڈووکیٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ایڈووکیٹ ہادی علی چھٹہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے 24 ستمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ وارنٹ جاری ہونے کے بعد ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری کے وکلا کی جانب سے وارنٹ منسوخی کی درخواست بھی دائر کی گئی۔ تاہم عدالت نے فی الفور وارنٹ منسوخی کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل، عدالت نے ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو طلبی کے نوٹسز جاری کئے تھے۔ یاد رہے کہ ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری کیخلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ این سی آئی اے کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق ایمان مزاری اور ان کے شوہر پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے لسانی بنیادوں پر تقسیم کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں لاپتا افراد کے معاملات کی ذمہ داری سیکیورٹی فورسز پر ڈالی۔ یہ مقدمہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ (پیکا) کی دفعات 9، 10، 11 اور 26 کے تحت درج کیا گیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری جاری
انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں عدالت نے اسد قیصر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس پر سماعت کی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ،سابق وفاقی وزیر اسد عمر اورپی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کی گئیں۔بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے وزارت قانون کو لکھے گئے خط کا جواب تاحال نہیں آیا۔چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے سردار محمد رزاق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی رہنمائوں کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، آمنہ علی و دیگر وکلا نے نمائندگی کی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی، پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے۔