جلال پور پیر والا؛ موٹروے ایم 5 تاحال بند، کئی دیہات اب بھی زیر آب
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
ملتان:
ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلابی پانی سے نقصان پہنچنے پر موٹروے ایم 5 اٹھارویں روز بھی بند ہیں جبکہ کئی دیہات اب بھی زیر آب ہیں۔
نوراجہ بھٹہ کے حفاظتی بند کا کام مکمل ہونے سے سیلاب میں ڈوبے علاقوں میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہوگئی۔
موضع گج، نوراجہ بھٹہ، چک 87 ایم، بستی لانگ، بہادر پور، پیر اولیاء، ابو سعید، ڈیپال، کنہوں، صبرا، چک 81 ایم اور چک 82 ایم اب بھی سیلابی پانی کی لپیٹ میں ہیں۔
اوباڑہ جنوبی، شجاعت پور شمالی و جنوبی، لنگر، دولت پور، کوٹ امام دین، درآب پور شرقی و غربی، شیہنی شمالی و جنوبی کے علاقے بھی متاثر ہوئے۔
سیلابی پانی سے نہ صرف مکانات گرگئے بلکہ سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سیلابی ریلوں کی تباہ کاریوں کے ڈرون مناظر میں گیلانی روڈ اور موٹروے ایم 5 پر پڑنے والے شگاف واضح نظر آرہے ہیں جبکہ شہر کے مشرقی علاقوں میں موجود سیلابی پانی کی موٹروے شگاف سے تیزی سے نکاسی جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سیلابی پانی
پڑھیں:
شدید دھند کی وجہ سے پشاور موٹر وے بند
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ون بند کردی گئی ہے، موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔ اسلام ٹائمز۔ موٹر وے پولیس نے شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئ تک بند کر دی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ون بند کردی گئی ہے، موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنے منزل مقصود تک پہنچ جائیں۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں، اس کے علاوہ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔