بیٹے کے ایک چھوٹے سوال نے میری زندگی بدل دی، کاجول کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 3rd, October 2025 GMT
بولی وڈ اسٹار کاجول نے اپنے ٹاک شو میں بیٹے سے جڑا ایک ایسا لمحہ شیئر کیا جس نے ان کی زندگی اور سوچ پر گہرا اثر چھوڑا۔
کاجول اور ٹوئنکل کھنہ نے حال ہی میں ٹو مچ کے نئے ایپی سوڈ کی میزبانی بڑے دلچسپ انداز میں کی، جس میں مہمان کے طور پر عالیہ بھٹ اور ورون دھون موجود تھے۔
اس دوران کاجول نے والدین کے تجربات پر بات کی اور جب عالیہ نے ان سے ایک بچوں کی پرورش کی اہم ٹپ پوچھی، تو کاجول نے نہایت سادگی سے کہا، ’بس ان کی سنو… صرف سنو۔‘
کاجول نے وضاحت کی کہ اکثر والدین سمجھتے ہیں بچے زیادہ نہیں جانتے اور ان کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بچوں کی چھوٹی چھوٹی باتیں بھی بڑے سبق دے سکتی ہیں۔
کاجول نے یاد کیا کہ جب ان کا بیٹا یوگ صرف آٹھ سال کا تھا، تو اس نے اچانک ان سے پوچھا، ’مما، آپ خود سے کتنا پیار کرتی ہیں؟‘
کاجول نے جواب دیا کہ وہ تقریباً 60 سے 70 فیصد وقت اپنے آپ سے محبت کرتی ہیں، لیکن باقی وقت وہ خود پر شک یا تنقید کرتی ہیں۔ اس پر یوگ نے فوراً کہا،’نہیں مما، آپ کو ہمیشہ سو فیصد اپنے آپ سے پیار کرنا چاہیے۔‘
کاجول نے بتایا کہ بیٹے کی یہ بات ان کے دل کو چھو گئی اور وہ آج بھی اس نصیحت کو یاد رکھتی ہیں۔
گزشتہ ماہ یوگ نے اپنی 15ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر کاجول نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ لکھتے ہوئے کہا، ’ہیپی برتھ ڈے میرے چھوٹے ہیرو! تمہاری مسکراہٹ دنیا کی سب سے قیمتی چیز ہے۔ کاش ہم ہمیشہ ساتھ ساتھ رہیں اور زندگی کی سب سے عجیب باتوں پر بھی ہنس سکیں۔‘
کاجول اور اجے دیوگن کی محبت کی کہانی 1994 میں شروع ہوئی اور 1999 میں دونوں نے شادی کی۔ ان کی بیٹی نیسا دیوگن 2003 میں پیدا ہوئیں جبکہ یوگ 2010 میں اس دنیا میں آیا۔
آج کاجول نہ صرف ایک کامیاب اداکارہ ہیں بلکہ ایک فخر کرنے والی ماں بھی ہیں، جو اپنے بچوں کی باتوں کو سن کر ان سے زندگی کے سب سے خوبصورت سبق سیکھتی ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کاجول نے
پڑھیں:
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سموگ کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اینٹی سموگ گن کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے، جدید اینٹی سموگ گن کے ذریعے پانی کے چھوٹے چھوٹے قطروں کی پھوار فضا میں برسائی جاتی ہے، اس پانی کی پھوار سے فضا میں موجود آلودگی اور مٹی کے ذرات کو صاف کیا جاتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سموگ کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اینٹی سموگ گن کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے، لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں اینٹی سموگ گن کے باضابطہ استعمال کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس موقع پر اے آئی سے جڑے جدید موسمیاتی نظام کی مدد سے اینٹی سموگ گن کی افادیت کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے پنجاب کے علاقوں میں سموگ کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ جدید مشینری بھی فراہم کی۔
جدید اینٹی سموگ گن کے ذریعے پانی کے چھوٹے چھوٹے قطروں کی پھوار فضا میں برسائی جاتی ہے، اس پانی کی پھوار سے فضا میں موجود آلودگی اور مٹی کے ذرات کو صاف کیا جاتا ہے، یہ جدید مشین بھارت چین سمیت دیگر ممالک میں بھی سموگ میں کمی لانے کیلئے استعمال کی جا رہی ہے۔ 15 اینٹی سموگ گنز مقامی طور پر تیار کی گئی ہیں ان گنز کا اب باضابطہ طور پر استعمال کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ 5 اینٹی سموگ گنز تیاری کے مرحلے میں ہیں، یہ جدید گنز فضائی آلودگی پر قابو پانے کے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مشن کی ایک اہم کڑی ہیں، ان سے سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔