شہدائے نومبر کی برسی، قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے
اشاعت کی تاریخ: 16th, November 2025 GMT
وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں میجر واصف حسین شاہ شہید، میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔
میجر واصف حسین شاہ شہید کی 11ویں اور میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید کی پہلی برسی کے موقع پر قوم نے شہداء کے بلند حوصلے، شجاعت اور عزم کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
میجر واصف حسین شاہ شہید نے 15 نومبر 2014ء کو آپریشن ضربِ عضب کے دوران دشمن کے خلاف دلیری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں ستارۂ بسالت سے نوازا گیا۔
اسی جذبۂ شہادت کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید نے 14 نومبر 2024ء کو بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کر دیں۔
قوم کے ہر فرد نے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم سپوت پاکستان کا فخر ہیں۔ شہداء کی بے مثال قربانیاں اور ثابت قدمی وطنِ عزیز کی تاریخ کا روشن باب اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
قوم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور پاکستان کی سرزمین کے تحفظ کے لیے ان کا حوصلہ، ان کی بہادری اور ان کا جذبہ ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے لیے
پڑھیں:
آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ کا کوئٹہ کے عوامی مقامات کا دورہ، شہریوں سے براہ راست رابطہ
کوئٹہ:
انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (آئی جی ایف سی) بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کوئٹہ شہر کے مختلف عوامی مقامات کا دورہ کیا اور شہریوں میں گھل مل کر ان کے مسائل سنے۔
اس موقع پر مقامی تاجروں، مزدوروں اور کاروباری شخصیات نے اعلیٰ فوجی افسر کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ لوگوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بھی بنوائیں۔ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے شہریوں کے مسائل کو ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے فوری حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران آئی جی ایف سی نارتھ نے مشن روڈ، میزان چوک، قندھاری بازار، لیاقت بازار، منان چوک، انسکمب روڈ اور زرغون روڈ سمیت شہر کے اہم تجارتی اور عوامی مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وہ عام شہریوں کی طرح بازاروں میں گھومے، دکانداروں اور گاہکوں سے براہ راست بات چیت کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
شہریوں نے انہیں اپنے روزمرہ مسائل، سیکیورٹی خدشات، ٹریفک مسائل، صفائی ستھرائی اور دیگر محلی امور سے آگاہ کیا۔
مقامی تاجروں کا کہنا تھا کہ ایک اعلیٰ فوجی افسر کا اس طرح عوام میں گھل مل کر مسائل سننا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ ایک تاجر نے بتایا کہ ہم نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ آئی جی ایف سی خود بازار میں آئیں گے اور ہماری بات سنیں گے۔
مزدوروں اور کاروباری افراد نے بھی اس دورے کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام عوام اور فورسز کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرے گا۔
لوگوں میں جوش و خروش کا عالم یہ تھا کہ بہت سے شہریوں نے میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ کے ساتھ سیلفیاں لیں اور تصاویر بنوائیں۔ بچوں سے لے کر بزرگ تک سب نے اس موقع کو یادگار بنانے کی کوشش کی۔
ایک نوجوان نے کہا کہ یہ تصاویر ہماری یادوں کا حصہ بن جائیں گی۔ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے شہریوں سے بات چیت کے دوران ان کے خدشات کو غور سے سنا اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایات دیں کہ مطرح کردہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ عوام کی فلاح و بہبود اور سیکیورٹی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور ایسے دورے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوام اور اداروں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہو۔
یہ دورہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور عوام کے اعتماد کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے بھی آئی جی ایف سی کے اقدام کی تعریف کی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔