پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ کے بعد کئی ملکوں نے شمولیت کااظہار کیا،وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان 57اسلامی ممالک کی قیادت کرے،اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, October 2025 GMT
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ سعودی عرب کےساتھ جو دفاعی معاہدہ ہوا ہے ،وہ بہت اہم ہے،یہ ایک منفرد معاہدہ ہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کئی وزرائے خارجہ نے اس معاملے پر مجھ سے ملاقات کی ہے،کئی ملکوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے معاہدے میں شامل ہونے کاکہا ہے،وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان 57اسلامی ممالک کی قیادت کرے گا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاکہ دہائیوں سے ہمارا سعودیہ سے جوتعلق ہے وہ ڈھکا چھپا نہیں ۔جب بیت اللہ میں دہشتگردی گھسے تھے تب میں حرم میں موجود تھا، اس وقت بھی پاکستان نے بڑا اہم کردار ادا کیا تھا، ہر پاکستانی اپنی جان سے زیادہ حرم کی حفاظت کا جذبہ رکھتا ہے،
اسرائیل نے 45جہازوں میں سے 22جہازوں کے لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے، مشتاق احمد بھی گرفتار افراد میں شامل ہیں،اسحاق ڈار
ان کاکہناتھا کہ کئی ممالک اس معاہدے کے بعد پاکستان کے ساتھ ایسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں،کئی عرب ممالک اور دیگر مسلم ممالک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں،ان شااللہ پاکستان 57اسلامی ممالک کی قیادت کرے گا، ان کاکہناتھا کہ پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ میں ہے کہ ایک ملک پر حملہ دوسرے ملک پر حملہ تصور ہوگا۔
مزید :.ذریعہ: Daily Pakistan
کلیدی لفظ: اسحاق ڈار
پڑھیں:
امریکا قطر دفاعی حکم نامہ
قطر پر اسرائیل کے حملہ کے بعد عرب ممالک میں بالخصوص یہ خطرہ پیدا ہو گیا کہ امریکا کے اتحادی ہونے کے باوجود اسرائیل ان پر حملہ کر سکتا ہے اور امریکا اس کو نہیں روکے گا۔ عرب ممالک میں قطر سے بڑا امریکا کا کوئی اتحادی نہیں۔
اس لیے سوال پیدا ہوگیا کہ اگر قطر محفوظ نہیں تو کوئی بھی محفوظ نہیں۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کوئی راز کی بات نہیں۔ گریٹر اسرائیل کا نقشہ خود اسرائیلی وزیر اعظم تقاریب میں پیش کرتے ہیں۔ اس لیے قطر پر اسرائیلی حملہ کے بعد عربوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا۔ ایک رائے بن گئی کہ امریکا کی چھتری کافی نہیں۔
پہلے مرحلہ میں سعودی عرب نے لیڈ کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ایک دفاعی معاہدہ کیا۔ جس میں یہ طے ہوا کہ سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔
یہ بارش کا پہلا قطرہ تھا۔ امریکا کے لیے واضح پیغام تھا کہ اب باقی عرب ممالک بھی اگر پاکستان کے ساتھ نہیں تو دیگر بڑے ممالک کے ساتھ ایسے معاہدے کر سکتے ہیں۔ یہ امریکا کی عربوں پر حاکمیت کو ختم کرنے کی طرف پہلا قدم سمجھا جا رہا تھا۔
یہ درست ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی حکومت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ کی کوئی کھلم کھلا مخالفت نہیں کی۔ اس کو خوش آئند قرار دیا لیکن اندر سے خطرے کی گھنٹیاں بج چکی تھیں۔
اس لیے امریکا کے لیے عربوں کا اعتماد جیتنا اہم تھا۔ اگر امریکا نے عربوں کے ساتھ چلنا ہے تو عربوں کا اعتماد ضروری تھا۔ اس لیے آپ دیکھیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ نے مشرق وسطیٰ کی سیاست ہی بدل دی۔
امریکا دفاعی پوزیشن پر آگیا ہے۔ پہلے اسرائیل کے وزیر اعظم نے وائٹ ہاؤس سے قطر کے وزیر اعظم سے معافی مانگی۔ ورنہ اس سے پہلے ایسی کوئی روایت نہیں ملتی کہ اسرائیل نے کبھی کسی مسلم ملک بالخصوص عرب ملک سے اپنی جارحیت کی معافی مانگی ہو۔
پھر معافی کا یہ فون قطر کے امیر نے نہیں سنا۔ انھیں وزیر اعظم سے معافی مانگنی پڑی۔ قطر کے امیر نے فون پر بات نہیں کی۔ امریکا کو علم تھا کہ صرف معافی کافی نہیں۔
اسرائیل کی معافی قطر کا غصہ کم تو کر سکتی ہے لیکن مستقبل میں تحفظ کا احساس نہیں دلا سکتی۔ عرب خود کو اسرائیل سے غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں اور اس لیے وہ دفاعی معاہدہ کریں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ نے اسرائیل کے لیے بھی خطرے کی گھنٹیاں بجائی ہیں۔ اسرائیل کو احساس ہوا کہ اس کے خلاف ایک بڑی مشترکہ فوج بن سکتی ہے۔
اگر سب مسلم ممالک نے آپس میں ایسے دفاعی معاہدے کر لیے تو اسرائیل کے خلاف ایک بڑا اتحاد بن جائے گا جو اسرائیل کے لیے ایک خطرہ ہوگا، اس لیے اسرائیل بھی معافی مانگنے پر تیار ہوا۔
اب امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے ''قطر کی ریاست کی سلامتی کی یقین دہانی'' کے عنوان سے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں۔
یہ غیرمعمولی اقدام قطر کونیٹو کے ''آرٹیکل 5 جیسی'' حفاظتی ضمانت فراہم کرتا ہے، جو اس کی سرزمین، خودمختاری، یا اہم انفراسٹرکچر پر کسی بھی مسلح حملے کو امریکی امن اور سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ سمجھا جائے گا یعنی قطر پر حملہ امریکا پر حملہ تصور ہوگا۔
جیسا دفاعی معاہدہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ کیا ہے بالکل ویسا ہی دفاعی معاہدہ امریکا نے قطر کے ساتھ کر لیا ہے، یعنی اب قطر پر حملے کا جواب امریکا دے گا جیسے سعودی عرب پر حملے کا جواب پاکستان دے گا۔ یہ معاہدہ قطر کو پاکستان کے ساتھ ایسا معاہدہ کرنے سے روکنے کے لیے بھی کیا گیا ہے۔
امریکی صدر کے اس حکم نامے کے تحت امریکا قطر کو امریکی اتحادی کے طور تسلیم کرتا ہے، جس میں امریکی افواج کی میزبانی اور سیکیورٹی آپریشنز اور ثالثی کی کوششوں میں مدد کرنا شامل ہے (مثلاً غزہ اور دیگر عالمی تنازعات میں)۔
غیر ملکی جارحیت سے جاری خطرات کی وجہ سے ''بیرونی حملے کے خلاف ریاست قطر کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کی ضمانت'' کے لیے امریکی پالیسی کا اعلان کرتا ہے۔
قطر کی سرزمین، خودمختاری، یا اہم بنیادی ڈھانچے پر کسی بھی مسلح حملے کو ''امریکا کے امن اور سلامتی کے لیے خطرہ'' سمجھا جاتا ہے۔ امریکا مشترکہ مفادات کے تحفظ اور امن کی بحالی کے لیے ''تمام قانونی اور مناسب اقدامات'' کرے گا، بشمول سفارتی، اقتصادی اور فوجی اقدامات۔ ایگزیکٹو آرڈر تمام انتظامی محکموں اور ایجنسیوں کو امریکی قانون کے مطابق حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کرتا ہے۔
اس حکم پر پیر کو دستخط کیے گئے تھے، اسی دن اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا تھا۔ قطر سے معافی بھی مانگی تھی۔ لیکن حکم نامہ چند دن بعد منظر عام پر لایا گیا۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے امریکا کا ایسا کوئی معاہدہ اسرائیل کے ساتھ نہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ اسرائیل پر حملہ امریکا پر حملہ تصور ہوگا۔ شائد اسرائیل کو اس کی ضرورت بھی نہیں۔ لیکن ایسا معاہدہ اسرائیل کے ساتھ نہیں ہے لیکن وہ چاہتے ہیں۔
دفاعی تجزیہ نگاروں کی رائے میں یہ کوئی باہمی دفاعی معاہدہ نہیں ہے، یہ ایک امریکی صدارتی حکم ہے۔ امریکی صدر کا ایک ایگزیکٹو آرڈر ہے، اس لیے اس کو کسی بھی وقت امریکا ختم بھی کر سکتا ہے۔
ایک حکم نامہ جو ختم بھی ہو سکتا ہے، یہ معاہدہ نہیں ہے۔ اگر معاہدہ ہوتا تو دونوں ممالک اس پر دستخط کرتے۔ اس کو یک طرفہ طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا تھا۔
اس لیے اگر دیکھا جائے تو اس کو ہم سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ کے تناظر میں تو دیکھ رہے ہیں، اس سے اس کی مماثلت بھی بنا رہے ہیں لیکن سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایک باہمی دفاعی معاہدہ ہوا ہے جس پر دونوں ممالک کے دستخط ہیں۔
دونوں ممالک اس کے پابند ہیں۔ قطر اور امریکا میں ایسا نہیں ہے وہ ایک یک طرفہ حکم نامہ ہے جو یک طرفہ طور پر ختم بھی ہو سکتا ہے۔ اس لیے اندر سے قطر بھی جانتا ہے کہ یہ معاہدہ نہیں حکم نامہ ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ باقی عرب ممالک کیا کریں گے۔ کیا باقی عرب ممالک کے لیے امریکا ایسا حکم نامہ جاری کرے گا۔کیا عرب ممالک ابھی خاموش رہیں گے ۔
امریکا ان کو خاموش کروا لے گا۔ اب ان کو شور کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ یہ بات دیکھنے کی ہے۔ کیونکہ اب عرب ممالک کے پاس دو آپشن ہیں۔ ایک پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ، دوسرا امریکی حکم نامہ۔ ان کی مرضی وہ کس کا انتخاب کرتے ہیں۔ یہ ایک دلچسپ صورتحال ہے۔