لاہور: ڈیفنس میں گھر کے اندر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی
اشاعت کی تاریخ: 5th, October 2025 GMT
لاہور:
ڈیفنس فیز 9 کے علاقے میں گھر کے اندر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 29 سالہ احمد جاوید کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی شخص سہراب کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں متاثرہ افراد اپنی ایک دوست سے ملنے آئے تھے کہ اسی دوران نامزد ملزمان ابو بکر، عبدالستار اور ان کے ساتھ 5 نامعلوم افراد نے گھر پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد تمام حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکھٹے کیے۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا اور ایس ڈی پی او برکی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود رہے اور تمام صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے والد عادل رشید کی مدعیت میں ابو بکر، عبدالستار اور پانچ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
ایس پی کینٹ نے ایس ڈی پی او برکی کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت دے دی ہے اور کہا ہے کہ چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، شاہ لطیف پولیس کا بڑا ایکشن، مقابلے میں دو زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار
کراچی:شہر قائد میں شاہ لطیف پولیس نے ملیر کے علاقے دھنی پرتو گوٹھ کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے میں 4 خطرناک ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ مقابلے میں 2 ڈاکو زخمی بھی ہوئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد نواز، محمود، نصار اور محمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔
زخمی ڈاکوؤں محمد نواز اور محمود کو فوری طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر دو ملزمان نصار اور محمد خان کو تھانہ شاہ لطیف منتقل کر دیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول بمعہ میگزین، 2 موٹر سائیکلیں، 2 قیمتی لیپ ٹاپ، 9 موبائل فونز، 50 ہزار روپے نقد اور 3 عدد پرس برآمد کیے گئے ہیں