محکمہ موسمیات نے سرد موسم اور بارشوں کی پیش گوئی کردی
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی تازہ ترین صورتحال اور آئندہ ہفتوں کے لیے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آنے والے دنوں میں ملک کے بیشتر علاقے خشک اور قدرے سرد موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت سردی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ اڑھائی ماہ، یعنی دسمبر کے اختتام تک ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔ خطۂ پوٹھوہار، شمالی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشیں معمول سے کم رہیں گی جس سے خشک سردی کا زور بڑھے گا۔
دوسری جانب، جنوبی علاقے خصوصاً سندھ اور بلوچستان کے بعض حصوں میں معمول سے قدرے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہ نومبر اور دسمبر کے لیے پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں مہینوں میں ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک اور بارشوں کی شرح معمول سے کم رہے گی۔ تاہم بعض ساحلی اور جنوبی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے وقفے وقفے سے امکانات موجود رہیں گے۔
محکمہ کے مطابق بالائی علاقوں سے مغربی خطوں تک درجہ حرارت میں واضح فرق دیکھا جائے گا۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، شمالی پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے قدرے زیادہ رہنے کی پیشگوئی ہے، جبکہ وسطی و جنوبی پنجاب اور سندھ میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا کہ دسمبر میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث موسم کی شدت کم محسوس ہوگی، تاہم راتوں میں ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں ہلکی سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: محکمہ موسمیات معمول سے کم علاقوں میں ملک کے
پڑھیں:
ملک بھرمیں موسم خشک ،شمالی علاقوں میں سردی میں اضافہ
اب بات کرتے ہیں ملک بھر میں موسم کی صورتحال کی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کی شدت بڑھے گی۔ اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی حصوں میں سردی میں اضافہ متوقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت، اور ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا۔