اورکزئی میں دہشتگردوں سے مقابلے میں سیکیورٹی فورسز کے 11 اہلکاروں کی شہادت، پی ٹی آئی کا اظہار افسوس
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے اورکزئی میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 11 فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے بیان میں کہا گیا کہ ہم اپنے بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کی انڈین سپانسرڈ دہشتگردوں سے شدید جھڑپ، 19 دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوان شہید
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں، جن کی قربانیاں ملک کی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہیں۔ ہر جوان کی شہادت ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے جو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دہشتگردی کا ناسور اب بھی ہمارے امن کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔
پی ٹی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جامع اور مؤثر پالیسی بنائی جائے اور ایسے المناک واقعات کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
یاد رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی رات ضلع اورکزئی میں بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خصدار میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی سے 19 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک ہوئے۔
دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹینٹ کرنل جنید طارق اور ان کے سیکنڈ اِن کمانڈ میجر طیّب راحت سمیٹ سیکیورٹی فورسز کے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news اظہار افسوس اورکزئی پاکستان پی ٹی آئی خیبرپختونخوا.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اظہار افسوس اورکزئی پاکستان پی ٹی ا ئی خیبرپختونخوا سیکیورٹی فورسز
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ گروہ فتنۃ الخوارج کے 13 عناصر کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی ضلع لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ہلاک شدہ دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
پاک فوج نے بتایا کہ سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ علاقے میں ممکنہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ عزم و استحکام کے ساتھ ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور رفتار سے کارروائیاں جاری رکھیں گے، تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مستحکم بنایا جا سکے۔