پاک فوج کا اورکزئی میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 19دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل و میجر سمیت 11 جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
راولپنڈی:
ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 19 خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجز سمیت 11 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر 2025 کی شب، سیکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جہاں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور بروقت کارروائی سے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصلِ جہنم ہوئے۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور ان کے نائب میجر طیب راحت نے جرأت و بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہادت پانے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف راولپنڈی کے رہائشی اور عمر 39 سال تھی جبکہ ان کے نائب میجز طیب راحت بھی راولپنڈی کے رہائشی اور عمر 33 سال تھی۔
لیفٹیننٹ کرنل اور میجر کے ساتھ مزید 9 جانباز سپاہی بھی وطن پر قربان ہوگئے۔
شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل (خیبر)، نائیک عادل حسین (کرم)، نائیک گل امیر (ٹانک)، لانس نائیک شیر خان (مردان)، لانس نائیک طالش فراز (مانسہرہ)، لانس نائیک ارشاد حسین (کرم)، سپاہی طفیل خان (ملاکنڈ)، سپاہی عاقب علی (صوابی) اور سپاہی محمد زاہد (ٹانک) شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیراعظم و وزیر داخلہ کا پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 19 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیب راحت سمیت پاک فوج کے جرات مند سپاہیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اورکزئی میں 19 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید، میجر طیب اور 9 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے 2 جوانوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید، میجر طیب اور 9 جوانوں نے قیمتی جانیں نچھاور کرکے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور قوم ہمیشہ ان قربانیوں کی مقروض رہے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہداء نے اپنے لہو سے وطن سے محبت اور وفا کی تاریخ رقم کی ہے، شہداء کے خون کا ہر قطرہ دہشتگردی کے خلاف ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔ قوم شہداء کے بہادر خاندانوں کو بھی سلام پیش کرتی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بھارتی حمایت یافتہ لیفٹیننٹ کرنل جنید سیکیورٹی فورسز اورکزئی میں وزیر داخلہ شہداء کے کے لیے
پڑھیں:
بجلی، گیس، پانی، پیٹرول سمیت ہر شعبے میں ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں، شاداب نقشبندی
سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کے بحران سے نجات دلانے کے لیے فوری، سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہو سکے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ گیس، بجلی اور پانی کی مسلسل قلت، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیاں عوام کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن چکی ہیں، حکمران طبقہ تاجروں، کسانوں، مزدوروں اور عام شہریوں کو معاشی ریلیف اور سہولیات فرام کرنے میں بے بس ہے۔ ان کیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا۔ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ہونے والے اضافے نے نہ صرف شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے بلکہ معیشت کو بھی عدم استحکام سے دوچار کر دیا ہے، بازاروں میں سناٹے تاجر بھی پریشان حال ہیں، حکمرانوں کے پاس تاحال ایسی عوام دوست معاشی پالیسی دکھائی نہیں دے رہی جو مہنگائی پر قابو پا سکے اور عام آدمی کو حقیقی سہولت فراہم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیئے کہ دعووں اور اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کرے، عوام کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے اور معاشی استحکام کے لیے بڑے، مؤثر اور دیرپا فیصلے کرے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کا بنیادی مقصد عوام کو باعزت، محفوظ اور خوشحال زندگی فراہم کرنا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو معیاری تعلیم، بہترین طبی سہولیات، روزگار کے مواقع، معاشی استحکام اور بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائے، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے نجات دلانے کے لیے مؤثر اور عوام دوست پالیسیاں اختیار کی جائیں، حقیقی جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوتی ہے جب آئین کی بالادستی، قانون کی مساوی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے۔