نویں جماعت کے نتائج میں نمبرز اور گریڈز غائب، صوبائی وزیر کا سخت نوٹس
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
کراچی: بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی جانب سے نویں جماعت کے سال 2025 کے نتائج میں نمبرز اور گریڈز شامل نہ کیے جانے پر صوبائی وزیر برائے جامعات و تعلیمی بورڈز اسماعیل راہو نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔وزیر نے چیئرمین میٹرک بورڈ سے تین روز میں تحریری وضاحت طلب کر لی ہے۔
اسماعیل راہو کی جانب سے چیئرمین کراچی بورڈ کو ارسال کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے 23 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا، تاہم نہ تو طلبہ کے مجموعی نمبرز جاری کیے گئے اور نہ ہی مضامین کے حساب سے گریڈز یا تفصیلات فراہم کی گئیں۔خط کے مطابق، بورڈ کی جانب سے صرف کامیاب طلبہ کے رول نمبرز مختلف ذرائع سے جاری کیے گئے، جو نتائج کے روایتی اور مستند طریقہ کار سے واضح انحراف ہے۔
وزیر نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نمبرز اور گریڈز ظاہر نہ کرنے سے طلبہ اور والدین میں بے چینی اور شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں، جبکہ نتائج کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اسماعیل راہو نے کنٹرولر امتحانات اور آئی ٹی انچارج کو ہدایت دی ہے کہ نتائج کے اعلان میں طے شدہ طریقۂ کار سے انحراف کی وجوہات اور تمام حقائق تین یوم میں تحریری طور پر رپورٹ کیے جائیں تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مذاکرات کامیاب، ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال فوری ختم کرنے کا اعلان
لاہور(نیوزڈیسک) پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے ملاقات کی جس میں مذاکرات اور ہڑتال ختم کرنے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندے شامل ہوں گے، ہفتہ کو ٹرانسپورٹرز اور صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے درمیان کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔
مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے مرکزی صدر حاجی شیر علی چوہدری اور دیگر عہدیداروں نے مصالحتی قرارداد پر دستخط بھی کردیے۔
سینئیر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹرانسپورٹرز کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے، حکومت کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے حالات بہتر بنانا ہے۔
مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے دیگر نمائندے محمد ریاض خان تاجک، چوہدری مقبول حسین، رانا طارق مشتاق، ملک اعجاز، ملک معروف، سیف شاہ دین گجر، فیصل بشیر بھٹی، ملک جاوید اور حاجی پرویز اعوان بھی شریک تھے۔