گرین لائن منصوبے کی بندش سے یومیہ2کروڑکا نقصان
اشاعت کی تاریخ: 31st, October 2025 GMT
عوامی مفاد میں جاری ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں،گورنر سندھ
منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،اجلاس سے خطاب
گورنر سندھ کو دی گئی ایک بریفنگ میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی میں گرین لائن منصوبے کی توسیع کے کام کی بندش کی وجہ سے روزانہ 2 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیرِ صدارت وفاقی کمپنی پاکستان انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنرل منیجر انجینئرنگ اور دیگر افسران نے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں گرین لائن منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی وجہ سے حکومت کو ہونے والے نقصانات کے بارے میں بتایا گیا، جس پر گورنر سندھ نے پی آئی ڈی سی ایل کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا نوٹس لیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف منصوبوں پر بار بار ٹینڈر کرنے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے، گورنر سندھ نے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور مکمل اور زیرِ تعمیر منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کی، اور ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل وجوہ اور رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔انھوں نے کہا عوامی مفاد میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں، ان منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ گورنر سندھ نے پی آئی ڈی سی ایل حکام کو شفافیت، معیار اور رفتار یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: گورنر سندھ
پڑھیں:
آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کا ثمر ہے، وزیراعظم شریف
تصویر سوشل میڈیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے اقدامات اور پالیسیوں کا ثمر ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت آئی ٹی کے شعبے کی اسٹریٹیجک روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئی ٹی کے شعبے کے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل اسپیکٹرم کی دستیابی جون 2025 میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026 میں 880 میگا ہرٹز ہوگئی۔
وزیراعظم کو ’’کنیکٹ پاکستان وژن 2030‘‘ کے اجراء کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024 میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026 میں 72 فیصد ہو گیا۔
بریفنگ کے مطابق جون 2026 تک 5.1 ملین گھروں میں فکسڈ براڈ بینڈ /فائبر کنکشن دیے گئے۔