کراچی، ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا حادثات، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان دم توڑ گیا، خاتون بھی جاںبحق
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
کراچی:
شہر میں ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا حادثات کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور بنارس چوک کے قریب واٹر ٹینکر سے جان لیوا حادثے میں نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا اور میمن گوٹھ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق بنارس چوک کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، جن کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
انہوں نے بتایا کہ ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان کی شناخت 25 سالہ شاکر اللہ کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور واٹر ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے ٹینکر قبضے میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا میمن گوٹھ میں ٹریفک حادثے کے دوران خاتون جاں بحق ہوگئی اور ان کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے قریبی قائم نجی اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثہ میمن گوٹھ دس چوک کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کی شناخت 55 سالہ اللہ بچائی علی محمد کے نام سے ہوئی ہے اور وہ راہگیر تھیں، سڑک عبور کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئیں تاہم متوفیہ کے لواحقین اس کی لاش نجی اسپتال سے ہی گھر لے گئے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے
پڑھیں:
کراچی، 7 سالہ بچی کے اغوا اور قتل میں ملوث ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
کراچی کے علاقے کیماڑی سے 7 سالہ بچی کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک نے بتایا کہ جیکسن پولیس دعا کے اغوا، زیادتی کے بعد قتل کیس کی تفتیش میں مصروف تھی کہ تھانے کی حدود میں آنے والے ایک علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں ملزم ہلاک ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور شواہد کی بنیاد پر مشتبہ شخص کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، پولیس ملزم کی گرفتاری کیلیے اسٹریٹ مبارک مسجد کے قریب پہنچی تو ملزم نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
مزید پڑھیںکیماڑی میں جھاڑیوں سے کمسن بچی کی لاش برآمد، مشکوک شخص کی ویڈیو سامنے آگئی
2 سالہ بچے آذان کے اغوا میں ملوث 3 ملزمان گرفتار، مرکزی ملزم والد کا دوست نکلا
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد تحویل میں لے کر قانونی و فرانزک کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
سنگھار ملک کے مطابق ہلاک شخص کے کوائف اور بچی کے اغواء و قتل کیس سے ممکنہ تعلق کی جانچ جاری ہے جبکہ پولیس سرجن نے معصوم بچی دعا کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کردی ہے۔