بھارتیوں کے امریکا میں بچے پیدا کرکے شہریت لینے کے خواب ٹرمپ نے چکنا چور کردیئے
اشاعت کی تاریخ: 11th, December 2025 GMT
بھارت سے جوڑے سیاحتی ویزے پر امریکا جاکر اپنے بچے پیدا کرواتے ہیں تاکہ شہریت اور دیگر مراعات حاصل کرسکیں۔
عالمی خبر رساں امریکا نے بھارت سے سیاحتی ویزا کے لیے آنے والے درخواست گزاروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شخص کے سفر کا اصل مقصد امریکا میں بچے کی پیدائش کروا کر اسے امریکی شہریت دلوانا ہوا تو اس کی ویزا درخواست براہ راست مسترد کر دی جائے گی۔
امریکی سفارتخانے نے بھارتی شہریوں کو جاری ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ سیاحتی ویزے کو غلط مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سفارتخانے کے مطابق اگر قونصلر افسر کو شواہد یا اندازوں سے یہ یقین ہو جائے کہ درخواست گزار کا بنیادی مقصد ’برُتھ ٹورزم‘ ہے، تو اسے ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
سفارتخانے نے اپنے بیان میں بتایا کہ امریکا نے درخواست گزاروں کی آن لائن اور سوشل میڈیا موجودگی کی جانچ کو مزید سخت بنا دیا ہے، جو اب نہ صرف سیاحتی ویزہ لینے والوں پر بلکہ H-1B ویزا ہولڈرز اور ان کے H-4 ڈیپنڈنٹس پر بھی لاگو ہوگی۔
یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت میں بڑی تعداد میں ویزا درخواست دہندگان کو مطلع کیا گیا کہ ان کی انٹرویوز کی تاریخیں اچانک ری شیڈول کر دی گئی ہیں، جس سے عوام میں بےچینی پیدا ہوئی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے پہلے روز ہی پیدائش پر شہریت کے قانون کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے کو روک دیا تھا، جس کے بعد معاملہ تاحال قانونی پیچیدگیوں میں ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ٹرمپ دور میں پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، نیٹلی بیکر
پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے صدر ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، تعلیم،تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اضافے کے لیے کام جاری ہے۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر کے ہمراہ جدید تعلیمی وسائل سے آراستہ امریکی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی پروقار عمارت کا افتتاح کیا۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، ہم تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اضافے کے لیے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے بہت مثبت توقع رکھتی ہوں، صدر ٹرمپ کی زیر نگرانی ہمارے تعلقات بھرپور طریقے سے آگے بڑھے ہیں۔
نیٹلی نے کہا کہ ہماری واشنگٹن ڈی سی اور پاکستان میں متعدد انگیجمنٹس ہوئیں، مستقبل کے لیے ہم تعلیم، تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کام کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا و پاکستان میں نئے شعبہ جات جیسے ٹیکنالوجی و آئی ٹی میں مزید سرمایہ کاری حاصل کرنا شامل ہے اور یقیناً ہماری بڑی لمبی گہری سیکیورٹی شراکت داری ہے۔
وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے جدید وسائل سے بھرپور اس نئی عمارت کو پاکستانی طلبہ کے لیے نئے مواقع کا مرکز قراردیا۔
واضح رہے کہ امریکی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی اسلام آباد میں عمارت جدید لنکنز کارنر لائبریری، تھری ڈی پاڈ کاسٹ سینٹر اور دیگر سہولیات سے لیس ہے۔