وزیراعظم سے برطانوی وزیربرائے بین الاقوامی ترقی و افریقہ کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 13th, December 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی و افریقہ بیرونس جینی چیپ مین نےاہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی و افریقہ بیرونس جینی چیپ مین نےوزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم اور بیرونس چیپ مین نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول ترقیاتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی مشغولیت اور وسیع تر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں اطراف نے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مشترکہ تاریخ، مضبوط ادارہ جاتی روابط اور باہمی احترام پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے برطانیہ میں پاکستانی تارکین وطن کے متحرک کردار کا بھی ذکر کیا جو دونوں ممالک کے درمیان اہم پل کے طور پر کام کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے اس دورے کو دو طرفہ مذاکرات کو آگے بڑھانے کا ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 8 سال کے بعد ترقیاتی مذاکرات کے نئے دور کا آغاز ہو گیا : حکام
اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 8 سال کے بعد ترقیاتی مذاکرات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے پاکستان اور برطانیہ کے اقتصادی تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور برطانیہ کی وزیر برائے ترقیاتی امور بیرونیس چیپ مین کی اہم ملاقات ہوئی۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 8 سال کے بعد ترقیاتی مذاکرات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔پاکستان میں برطانوی کمپنیوں کی تعداد 200 سے زائد ہونے کے باعث تجارتی حجم 5.5 بلین پاؤنڈ سے تجاوز کر گیا۔ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بیرونیس چیپ مین اور وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے ’’پاک-یو کے ایجوکیشن گیٹ وے‘‘ کے اگلے مرحلے کا بھی افتتاح کیا۔ ایجوکیشن گیٹ وے کے تحت اسٹارٹ اَپ فنڈ متعارف کروائے گئے جبکہ آن لائن لرننگ پروگرامز اور تعلیمی مواقع میں توسیع کی گئی۔پاکستان اور برطانیہ نے صحت، تعلیم، آبادی اور ماحولیاتی استحکام میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک برطانیہ تعاون کے لیے ماحولیات، قدرتی وسائل اور گرین ٹیکنالوجیز کے فریم ورک میں گرین کومپیکٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔اہم ترقیاتی پیش رفت سے پاکستان کی معیشت میں استحکام، سرمایہ کاری میں اضافہ اور عالمی اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ عالمی سطح پر پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔