خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی سیاسی و سلامتی مسائل کو سنگین بنا دیتی ہے، علی اکبر احمدیان
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
نکول پاشینیان کیساتھ اپنی ایک ملاقات میں ایران کی قومی سلامتی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ تہران صنعت، زراعت، نینو ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی میں آرمینیاء کو اپنے سائنسی و تیکنیکی تجربات منتقل کرنے کو تیار ہے۔ اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کے ڈائریکٹر "علی اکبر احمدیان" نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام صرف علاقائی ممالک کے تعاون اور مدد سے حاصل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی ہمارے سیاسی و سلامتی کے مسائل کو گھمبیر بنا دیتی ہے۔ علی اکبر احمدیان نے ان خیالات کا اظہار اس وقت کیا جب انہوں نے "ایروان" میں آرمینیاء کے وزیراعظم "نکول پاشینیان" سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایران و آرمینیاء کی عوام کے درمیان گہرے تاریخی و اجتماعی تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صنعت، زراعت، نینو ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی میں آرمینیاء کو اپنے سائنسی و تیکنیکی تجربات منتقل کرنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب آرمینیاء کے وزیراعظم نے اس ملاقات میں شمال-جنوب کوریڈور میں تعاون اور شرکت کرنے کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی، اقتصادی و دفاعی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمینیاء کے وزیراعظم نے سابق ایرانی صدر شہید "سید ابراہیم رئیسی" کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایرانی صدر کے زمانے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 3 بلین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق ہوا تھا جس پر ہم کاربند ہیں۔ آخر میں دونوں فریقین نے ریفائنریوں اور پیٹرو کیمیکلز کی تعمیر جیسے نئے شعبوں میں مزید تعاون پر بھی زور دیا۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
افغانستان، پاکستان اور ایران سمیت وسطی ایشیائی ممالک زلزلے سے لرز اٹھے
افغانستان کے ہندوکش خطے میں رات کو آنے والے 6.3 شدت کے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔
جرمن جیو فزیکل ریسرچ سینٹر کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز شمالی افغانستان کے قصبے خُلم سے 30 کلومیٹر دور تھا۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شمالی افغانستان کے متعدد علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ مزار شریف سے عمارتوں میں دراڑیں پڑنے اور معمولی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق شہری گھروں سے نکل کر کھلی جگہوں میں دعائیں مانگتے رہے۔
زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران تک محسوس کیے گئے، جبکہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی عمارتیں لرز اٹھیں۔ بھارت کے شمال مغربی سرحدی علاقے بھی زلزلے کی زد میں آئے۔
ریکٹر اسکیل پر 6.3 شدت کا یہ زلزلہ علاقے کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہندوکش ریجن میں زلزلہ خیز سرگرمیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے بڑے زلزلے کے خدشات بھی جنم لے رہے ہیں۔
اب تک کسی جانی نقصان کی مصدقہ اطلاعات نہیں ملیں، تاہم ریسکیو ٹیمیں الرٹ کر دی گئی ہیں اور مزار شریف سمیت متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔