کراچی؛ واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے مزید 4 موٹرسائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گئے
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
کراچی(نیوز ڈیسک)شہر قائد میں سڑکوں پر دوڑتے قاتل واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران واٹر ٹینکرز کی ٹکر اور دیگر حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔
شہید ملت روڈ پر حادثہ
شہر کی مصروف سڑک شہید ملت روڈ پر بلوچ کالونی کی طرف جانے والے راستے پر واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 2موٹر سائیکل سوار اپنی جان گنوا بیٹھے، جب کہ ایک شخص زخمی ہوا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی، جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
حب ریور روڈ پر المناک حادثہ
علاوہ ازیں بلدیہ ٹاؤن کے قریب حب ریور روڈ پر ایک اور افسوسناک حادثے میں واٹر ٹینکر نے 2موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد بھی ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دیگر واقعات
واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ہلاکتوں کے علاوہ کاٹھور کے علاقے میں ایک گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا کوسٹ گارڈ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
اُدھر کورنگی کے قریب چمڑا چورنگی پر ایک کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس سے موٹر سائیکل نالے میں جا گری اور ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بھائی تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: روڈ پر
پڑھیں:
کراچی، رینجرز اور ایس آئی یولیس کے ساتھ مقابلے میں 3 بھتہ خور ہلاک، ایک زخمی گرفتار
کراچی:ملیر 15 کے علاقے میں سندھ رینجرز اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران مبینہ مقابلے میں تین ملزمان ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مبینہ بھتہ خوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد تین ملزمان مارے گئے جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
فائرنگ ختم ہونے کے بعد ہلاک اور زخمی ملزمان کو ریسکیو کی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت شاہ رخ، راحب اور علی حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت محمد وسیم کے نام سے کی گئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک اور گرفتار ملزمان بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں اور ملزمان کے ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔