کراچی: واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے مزید 4موٹرسائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گئے
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
کراچی: شہر قائد میں سڑکوں پر دوڑتے قاتل واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران واٹر ٹینکرز کی ٹکر اور دیگر حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔
شہر کی مصروف سڑک شہید ملت روڈ پر بلوچ کالونی کی طرف جانے والے راستے پر واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 2موٹر سائیکل سوار اپنی جان گنوا بیٹھے، جب کہ ایک شخص زخمی ہوا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی، جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
علاوہ ازیں بلدیہ ٹان کے قریب حب ریور روڈ پر ایک اور افسوسناک حادثے میں واٹر ٹینکر نے 2موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد بھی ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ہلاکتوں کے علاوہ کاٹھور کے علاقے میں ایک گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا کوسٹ گارڈ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ادھر کورنگی کے قریب چمڑا چورنگی پر ایک کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس سے موٹر سائیکل نالے میں جا گری اور ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بھائی تھے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ معاشی حب کراچی میں ٹینکرز موت بانٹتے پھر رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔
گورنر سندھ نے کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر ٹینکر سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ تشویش کیا اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہوں۔واضح رہے کہ کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران ٹینکر کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
شہید ملت روڈ اور بلدیہ حب ریور روڈ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2،2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: کی ٹکر سے ٹینکر کی روڈ پر
پڑھیں:
کراچی: ٹرالر کی ٹکر سے بائیک سوار طالب علم بحق، دوسرا زخمی
کراچی:ماڑی پور میں ٹریفک حادثہ میں ایک طالب علم جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔
چھیپا حکام نے بتایا کہ ماڑی پور ٹرک اڈا گیٹ نمبر 6 کے قریب ٹرالر نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے بائیک سوار کی شناخت 18 سالہ عصمت ولد اعجاز اور زخمی کی شناخت 18 سالہ نوید ولد ستورو کے ناموں سے ہوئی۔
چھیپا ترجمان چوہدری شاہد حسین کے مطابق دونوں نوجوان غلامان عباس اسکول کے طالب علم اور ہاکس بے کے رہائشی ہیں۔ دونوں اسکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ ماڑی پور ٹرک اڈے کے گیٹ پر حادثہ ہوگیا۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دونوں نوجوانوں کو ٹرالر نے ٹکر ماری ہے یا اس کی زد میں آئے ہیں تحقیقات کررہے ہیں۔
پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہے۔ پولیس ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی کررہی ہے۔