سندھ میں بدامنی: جماعت اسلامی کی آل پارٹیز آج سکھر میں ہوگی
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
کراچی/سکھر (نمائندہ جسارت/اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کی جانب سے بالائی سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، اغوا، ڈاکہ زنی، ڈاکو راج اور قبائلی جھگڑوں کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس آج اتوار کو سکھر کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ کی صدارت میں ہونے والی ای پی سی میں مختلف سیاسی، دینی، قوم پرست جماعتوں کے رہنما، وکلاء ، صحافی، اقلیتی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کریں گے۔ ای پی سی میں سندھ میں امن کی بحالی، ڈاکو راج اور قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے غور و فکر کے بعد مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ توقع ہے کہ یہ ای پی سی باب الاسلام سندھ میں امن کے قیام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔ صوبائی رہنماؤں علامہ حزب اللہ جکرو اور زبیر حفیظ شیخ نے ای پی سی کے مقام کا دورہ کر کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور اس کو حتمی شکل دی ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
تحریکِ انصاف کا اندرونی انتشار اسٹیبلشمنٹ کی طاقت بن گیا، جماعت اسلامی
لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا اندرونی انتشار اسٹیبلشمنٹ کے لیے طاقت کا ذریعہ بن گیا ہے۔
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ فیڈریشن کو ون یونٹ نظام میں تبدیل کرنے سے باز رہے کیونکہ یہ پاکستان کے وفاقی ڈھانچے کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے تجویز دی کہ قومی جمہوری جماعتیں متناسب نمائندگی کے طرزِ انتخاب پر اتفاق کر لیں تاکہ حقیقی جمہوری اقدار کو فروغ مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرجانبدارانہ انتخاب کا مستقبل 2024کے انتخابات کے فارم 45 میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زراعت اور کسانوں کے ساتھ مجرمانہ لاپروائی فوری طور پر بند کی جائے۔
لیاقت بلوچ نے اعلان کیا کہ 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال فلسطینیوں کے ساتھ فقیدالمثال یکجہتی کا مظہر ہوگی اور 27 اپریل کو مینار پاکستان پر ہونے والا ’’یکجہتی فلسطین جلسہ‘‘تاریخ ساز ثابت ہوگا۔