سعودی عرب میں ‘جینیاتی و خلیاتی علاج ساز فیکٹری’ کا افتتاح، طبی تحقیق میں سنگِ میل
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
سعودی عرب نے طبّی تحقیق کے میدان میں ایک تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے ملک کی پہلی جینیاتی و خلیاتی علاج ساز فیکٹری کا افتتاح کر دیا ہے۔
کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اور ریسرچ سینٹر کے تحت قائم یہ فیکٹری ہزاروں مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن بن گئی ہے۔ فیکٹری کے قیام سے علاج کے اخراجات میں تقریباً 8 ارب ریال کی بچت متوقع ہے جبکہ یہ ملک میں 9 فیصد مقامی طلب پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب: جانوروں کے لیے مسیحا کی حیثیت رکھنے والے پاکستانی نژاد کی موت پر سوگ کی فضا
یہ فیکٹری ریاض میں 5 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر قائم ہے اور 2025 کے اختتام تک اپنے ابتدائی مرحلے میں مدافعتی خلیات پر مبنی علاج تیار کرے گی۔ 2030 تک اس کی سالانہ پیداوار 2 ہزار 400 علاجی خوراکوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ادارے کے مطابق فیکٹری عالمی معیار کی جی ایم پی گائیڈلائنز کے مطابق کام کرے گی، جہاں مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے معیار اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی شعبہ صحت اب تک کتنے عازمین کو طبی سہولیات فراہم کرچکا ہے؟ اعداد و شمار جاری
یہ منصوبہ سعودی عرب میں بایوٹیکنالوجی انڈسٹری کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قومی بایوٹیک حکمتِ عملی کے اہداف سے ہم آہنگ ہے اور مقامی ماہرین کو مستقبل کی ادویات سازی میں نمایاں کردار فراہم کرے گا۔
کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال عالمی سطح پر اپنی ساکھ منوا چکا ہے، جو دنیا کے 15 بہترین تدریسی اسپتالوں میں شامل ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں اسے پہلے نمبر پر قرار دیا گیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
جینیات سائنس سعودی عرب علاج.ذریعہ: WE News
پڑھیں:
دبئی میں دنیا کے بلند ترین ہوٹل کا افتتاح، کمروں کی قیمت کیا ہے؟
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کے سب سے بلند ہوٹل ’سیل دبئی میرینا‘ کا افتتاح ہوا، جس نے اپنی ریکارڈ ساز بلندی اور شاندار پینورامک ویوز کے باعث عالمی میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کرلی ہے۔
لندن کے ایک گروپ کے ڈیزائن کردہ اس ہوٹل کی بلندی 1,236.88 فٹ ہے، جو اسے دنیا بھر کے ہوٹلوں میں منفرد مقام دلاتی ہے۔ اس بلند و بالا عمارت سے دبئی میرینا، پام جمیرا اور عرب خلیج کے دلکش اور مسحور کن نظارے دیکھے جاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کا روزویلٹ ہوٹل کی ازسرِنو ترقی کے منصوبے میں ایک ارب ڈالر مالیت کا ہدف
پروجیکٹ کے سی ای او روب برنز نے انکشاف کیا کہ عمارت کی تعمیر کا مقصد کچھ شاندار تخلیق کرنا تھا، تاہم ابتدا میں اسے دنیا کا سب سے بلند ہوٹل بنانے کا ارادہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق وہ ایک منفرد اور خوبصورت عمارت تعمیر کرنا چاہتے تھے، لیکن اس کی بلندی نے اسے غیر ارادی طور پر ایک عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
سیل دبئی میرینا کی 82 منزلہ عمارت اپنی شیشے کی چمکتی دیواروں اور منفرد ساخت کی وجہ سے خاص توجہ کا مرکز ہے۔ عمارت کے اوپری حصے میں موجود بڑا کھلا ہوا حصہ، جسے ‘آئی آف دی نیڈل’ کہا جاتا ہے، نہ صرف خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ اس کا عملی فائدہ بھی ہے، کیونکہ یہ ہوا کو گزرنے کی اجازت دے کر عمارت پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: برج خلیفہ کے بعد سب سے اونچا ہوٹل بھی دبئی میں، عمارت کتنی منزلہ اور کیا کیا سہولیات ہوں گی؟
اس کے اندر روشن مرکزی ایٹریئم، وسیع کھڑکیاں، اور جدید طرز کا داخلی ماحول مہمانوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرتا ہے۔
ہوٹل کے اندر 8 اعلیٰ معیار کے ریستوران، 3 سوئمنگ پولز جن میں 76ویں منزل کا شاندار انفینٹی پول بھی شامل ہے، فٹنس سینٹر، بزنس سینٹر، اور مہمانوں کے لیے مختلف سماجی و تفریحی مقامات بھی موجود ہیں۔ یہ سب سہولیات اسے دبئی کے سب سے پُرکشش اور منفرد ہوٹلوں میں شامل کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد میں رمضان کی بیسٹ اور کم قیمت فوڈ ڈیلز کہاں کہاں دستیاب ہیں؟
اگرچہ ہوٹل نے 15 نومبر کو اپنا افتتاح کیا تھا، لیکن اس کے 1,004 کمروں میں سے 804 کمرے پہلے ہی بک ہوچکے ہیں، جو اس کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کمرہ کرایوں کے مطابق ڈیلکس روم کی قیمت 375 ڈالر یعنی تقریباً 1 لاکھ 5 ہزار پاکستانی روپے فی رات ہے، جبکہ کنگ سوئٹ کی قیمت 545 ڈالر، یعنی تقریباً 1 لاکھ 53 ہزار پاکستانی روپے فی رات تک ہے۔
سیل دبئی میرینا نہ صرف دبئی کی اسکائی لائن میں ایک نیا اضافہ ہے بلکہ اپنی ریکارڈ ساز بلندی، جدید ڈیزائن اور شان دار سہولیات کے باعث عالمی سطح پر بھی ایک منفرد مقام حاصل کرچکا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بلند ترین ہوٹل دبئی عمارت قیمت ہوٹل