ناصر حسین نے صائم ایوب کو اگلے ’فیب فور‘ کے لیے منتخب کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے پاکستان کے نوجوان بلے باز صائم ایوب کا نام کرکٹ کی اگلی نسل کے ’فیب فور‘ میں شامل کرلیا ہے۔
مائیک ایتھرٹن کے ساتھ ایک کرکٹ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین نے صائم ایوب کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کو ابھی انجری ہوئی ہے اور یہ یقینی نہیں ہے کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے فٹ ہوں گے یا نہیں لیکن وہ تمام فارمیٹس میں پاکستان کے لیے ٹاپ آرڈر میں متحرک کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔
ناصر حسین نے اگلے فیب فور کے لیے انگلینڈ کے ہیری بروک اور ہندوستان کے یاشاسوی جیسوال کو بھی منتخب کیا۔ ناصر حسین نے ٹریوس ہیڈ کو اپنی حتمی پسند کے طور پر منتخب کیا تاہم مائیکل ایتھرٹن نے ان کے اس انتخاب پر اتفاق نہیں کیا۔
دوسری جانب، مائیک ایتھرٹن نے سری لنکا کے کامندو مینڈس، نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا، انگلینڈ کے ہیری بروک اور بھارت کے یشوی جیسوال کو اگلے فیب فور کے لیے منتخب کیا۔
واضح رہے کہ فیب فور کی اصطلاح نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور تجزیہ کار آنجہانی مارٹن کرو نے 2013 میں بنائی تھی اور پیشگوئی کی تھی کہ اگلی نسل (ایک دہائی) تک ویرات کوہلی، جو روٹ، کین ولیمسن اور اسٹیو اسمتھ کرکٹ کے منظر نامے پر چھائے رہیں گے اور ان کی یہ پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔
مارٹن کرو کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔ تب سے یہ اصطلاح انتہائی مقبول ہے اور کرکٹ کے شائقین اگلے فیب فور کی تلاش میں رہتے ہیں۔ اب ناصر حسین اور مائیک ایتھرٹن نے اگلے فیب فور کی پیشگوئی کردی ہے، دیکھنا یہ کہ ان دونوں کی پیشگوئی کس حد تک درست ثابت ہوتی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
پڑھیں:
فیلڈ مارشل ایوب خان کے پڑپوتے کے گھر چوری، سابق صدر کی یادگار اشیاء بھی غائب
وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے سیکٹر ایف-8 ٹو میں ایک خاتون نے گھر میں گھس کر تقریباً 80 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان چوری کر لیا۔ چوری کی گئی اشیاء میں پاکستان کے سابق صدر اور فیلڈ مارشل ایوب خان کے ذاتی استعمال کی تاریخی اشیاء بھی شامل ہیں۔
یہ واقعہ 26 اکتوبر کو پیش آیا جس کی ایف آئی آر تھانہ مارگلہ میں فیلڈ مارشل ایوب خان کے پڑپوتے محمد تیمور ایوب خان کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 380 کے تحت درج کی گئی۔ محمد تیمور ایوب خان کے والد اکبر ایوب خان خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق محمد تیمور ایوب خان نے بتایا کہ وہ صبح تقریباً پانچ بج کر پینتیس منٹ پر گھر میں موجود تھے جب ایک نامعلوم خاتون گیٹ پھلانگ کر ان کے ڈرائنگ روم میں داخل ہوئیں۔ کچھ دیر بعد جب انہوں نے سامان چیک کیا تو قیمتی چاندی کی اشیاء غائب پائیں۔
چوری ہونے والے سامان میں دو چاندی کے لیمپ (وزن دو کلو)، ایک چاندی کا تھال (تین کلو)، چاندی کے برتن (چار کلو)، ایک چاندی کا باکس (دو کلو) اور سب سے اہم فیلڈ مارشل ایوب خان کا دعوتی اسکرول شامل تھا۔ اس کے علاوہ ہرن کے منہ والا چاندی کا پیالہ (ایک کلو)، چاندی کی ٹرے (ڈیڑھ کلو)، چائے دان، ڈونگا اور بڑا چمچ (تقریباً ایک کلو) بھی چوری کیے گئے۔ خاتون میک اپ کا سامان اور دیگر گھریلو اشیاء بھی ساتھ لے گئی۔
مدعی کے مطابق چوری شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے بنتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ان قیمتی اشیاء میں فیلڈ مارشل ایوب خان کے ذاتی استعمال کی یادگاریں بھی شامل ہیں، اس لیے پولیس فوری طور پر کارروائی کرے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور نامعلوم خاتون کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمہ کو گرفتار کر کے قیمتی سامان برآمد کر لیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمہ کی شناخت کی جا رہی ہے، اور ابتدائی تفتیش میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واردات میں پیشہ ور گروہ ملوث ہو سکتا ہے۔