مریم نواز کا پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کے لیے الٹیمیٹم
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت مالی سال کے آخر تک اور تمام مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا پہلا فیز 30جون تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، پنجا ب بھر میں جاری روڈز اور ہیلتھ کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کاجائزہ لیا گیا۔
بیان کے مطابق وزیراعلی پنجاب نو تعمیر شدہ بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کا خود معائنہ اور افتتاح کریں گی، وزیراعلی مریم نوازشریف نے پی اینڈ ڈی کو اضافی وسائل پیدا کرنے کا ہدف دے دیا۔
اس میں کہا گیا کہ صوبائی سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشر ف نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ روڈ بحالی پروگرام کے تحت 462 پروجیکٹس کی منظوری ہوئی، 455 پر کام شروع ہوا، روڈ بحالی پروگرام کے تحت تعمیر و بحالی کا 25فیصد سے زائد کام مکمل کرلیا گیا۔
بیان کے مطابق روڈ بحالی پروگرام فیز ٹوکے تحت 72سکیموں کی منظوری،67 پر کام شروع ہوا، روڈ بحالی پروگرام فیز ٹو کے پراجیکٹ پر 24فیصد سے زائد کام مکمل کرلیا گیا۔
اجلاس میں پنجا ب بھر کے 1236 بنیادی مراکز صحت کی تعمیر وبحالی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کے مطابق پنجاب بھر میں مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا 75فیصد کام مکمل کرلیا گیا، پنجاب کے مختلف علاقوں میں 54 بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی پوری طرح مکمل ہوگیا جب کہ 1164 بنیادی مراکز صحت پر تعمیر و بحالی تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ 1211بنیادی مراکز صحت کی پلاسٹرنگ،1143 مراکزصحت کی فلورنگ جبکہ 1004 مراکز صحت کی فنشنگ کا کام جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز نے مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب بھر میں رابطہ سڑکو ں کی بحالی اور تعمیر و مرمت سے لاکھوں شہری مستفید ہو ں گے، کھیت تا منڈی سڑک کی تعمیر سے معاشی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے مریم نواز ہیلتھ کلینک بننے سے دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی، پہلی مرتبہ دیہات کے عوام کو شہروں کے اعلی پرائیویٹ کلینکس کا ماحول ملے گا-
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مراکز صحت کی تعمیر و بحالی بنیادی مراکز صحت مریم نواز کے مطابق
پڑھیں:
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26معطل ارکان بحال : قائم مقام سپیکر کے حکم کے بعد نوٹیفکیسن جاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کا معاملہ بالآخر حل ہوگیا ہے ، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں اسمبلی سیکرٹریٹ نے معطل اراکین کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پارلیمانی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی بھی خواہش ہے اور میری سپیکر سے درخواست ہے کہ اپوزیشن نمائندگان منتخب ہو کر اسمبلی میں آئے، معطل چھبیس ارکان کی بحالی کی جائے تاکہ وہ اپنے حلقوں کی نمائندگی آزادانہ کر سکیں، جس پر قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہا کہ میں فوری طور پر چھبیس ارکان کو بحال کرنے کا حکم دیتا ہوں، جس پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر کے ایوان میں پیش کر دیا۔27 جون کو وزیر پنجاب مریم نواز کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان میں شدید ہلڑ بازی اور دھکم پیل کی تھی جس پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے 26 اپوزیشن ارکان کو دس دن اجلاس کی 15نشستوں کے لئے معطل کیا اور بعد ازاں 4 حکومتی ارکان نے سپیکر کو اپوزیشن کے 26 ارکان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمشن کو دائر کرنے کی 4 درخواستیں جمع کروائیں۔ 4 درخواستوں پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے حکومت و اپوزیشن کو مذاکرات کی تجویز دی۔ 11 جولائی کو شروع ہونے والے مذاکرات کے 17 جولائی تک تین دور ہوئے، جس میں یہ طے پایا کے ایوان میں احتجاج کو اخلاقی اور پارلیمانی رکھا جائے گا، لیڈر آف دی ہائوس اور لیڈر آف دی اپوزیشن کی تقاریر خاموشی سے سنی جائیں گی اور ایوان میں گالی اور نازیبا الفاظ کی اجازت نہیں ہو گی، مذاکرات کامیاب ہونے پر حکومتی 4 درخواستیں سپیکر پنجاب اسمبلی نے نمٹا دی تھیں، اپوزیشن کی بحالی کے اعلان کے بعد اپوزیشن نے بھی اجلاس میں شرکت کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ بحالی تک اپوزیشن نے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا۔