ملک ترقی کی جانب گامزن ہے،آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کا جال بچھا دیں گے، وزیر اعظم
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
بھمبر: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی دانش سکولوں کا جال بچھا دیں گے، ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے، پاکستان خوشحالی اور ترقی کے سفر کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، یہ اس لیے ممکن ہوا کہ اتحاد، اتفاق اور یکسوئی ہے۔
آزاد کشمیر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنا خوشی کا باعث ہے، دور دراز کے علاقوں کے بچوں کے لیے دانش سکول بنائےہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دانش اسکول نہ ہوتے تو بہت سے لائق بچے اور بچیاں تعلیم سے محروم رہ جاتے ، دانش اسکول ہزاروں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں، پنجاب کے دانش اسکولوں کے بیشتر بچے اے گریڈ لاتے ہیں، یہاں پڑھنے والے بچے ملک کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں دانش اسکول کا آغاز کیا تھا،دانش سکول دانش اور علم کا گہوارہ ہے، یہاں کے بچوں کے 100فیصد اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی،آزاد کشمیر میں بھی دانش سکولوں کا جال بچھا دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی شہیدوں کے لہو سے سرخ ہو چکی ہے جبکہ وہاں کے عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارتی فوج کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے مسئلہ کشمیر یو این کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے معاشی چیلنجز میں آہستہ آہستہ بہتری آرہی ہے، حکومت دن رات ان مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، سرمایہ کار کے لیے قرضے کی لاگت میں کمی آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے اگلے 10 برس میں 20 ارب ڈالر مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے، پاکستان خوشحالی اور ترقی کے سفر کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، یہ اس لیے ممکن ہوا کہ اتحاد، اتفاق اور یکسوئی ہے، ہم نے پاکستان کی تمام مشکلات کو بڑی دلیری، حکمت سے حل کیا اور کر رہے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ان کے ہمراہ تھے، دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر میں دانش سکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا، دانش اسکول سسٹم کے بچے اور بچیوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس ہوں گے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: وزیراعظم شہباز شریف میں دانش اسکول شہباز شریف نے نے کہا
پڑھیں:
پنجاب میں اسموگ، اسکولوں کے صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے کھلنے پرپابندی عائد
محکمہ ماحولیات پنجاب نے اسموگ کے باعث سرکاری و نجی اسکولوں کے صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے کھلنے پرپابندی لگا دی۔محکمہ ماحولیات پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں خطرناک حدتک بڑھتی اسموگ کے باعث پنجاب بھر کے سرکاری ونجی اسکول صبح 8:45 سے پہلےنہیں کھلیں گے۔ اعلامیے کے مطابق کالجز اور اسپیشل ایجوکیشن سینٹرزبھی صبح 8:45 بجے سے پہلےنہیں کھلیں گے، یہ حکم نامہ 3 نومبر سے 31 جنوری 2026 تک نافذ رہے گا۔ خلاف ورزی کرنےوالے اسکول پرپہلی بار ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا، دوبارہ خلاف ورزی پر 6 لاکھ سے 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامدشیخ کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کےلیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔