مریم ہمیں دے دیں، مراد علی شاہ آپ رکھ لیں،احسن اقبال سے تاجروں کا مکالمہ
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
کراچی کے تاجروں نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے مکالمہ کیا کہ کچھ عرصے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہمیں دے دیں اور اس کے بدلے مراد علی شاہ آپ رکھ لیں۔تفصیلات کے مطابق ایک تقریب کے دوران کراچی کے تاجروں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال سے دلچسپ مکالمہ کیا۔وفاقی وزیر کی گفتگو کے دوران ایک تاجر نے کہا ،کچھ عرصے کے لیے مریم نواز شریف ہمیں دے دیں اور مراد علی شاہ آپ رکھ لیں‘۔اجلاس میں شریک تمام تاجروں نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کی حمایت کی، احسن اقبال تاجر رہنماؤں کے مطالبے پر بے ساختہ مسکرا دیے اور کوئی تبصرہ نہیں کیا۔دوسری جانب ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید نے تاجر رہنماؤں کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مخصوص تاجر ٹولا سازش کے تحت سندھ کے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین کررہا ہے ، ایک چاپلوس کی بات کو باشعور اور باوقار تاجربرادری کا بیانیہ کہنا بد دیانتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ خوشامدیوں سے رٹا لگوائی بات کہلوانے سے زمینی حقائق نہیں بدلے جاسکتے ، ، وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی قیادت میں سندھ حقیقی معنوں میں تاجردوست صوبہ ہے ، سندھ کی عوامی حکومت اور تاجر برادری اپنے صوبے اور ملک کی خوشحالی کے لیے ایک پیج پرہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں کا مخصوص ٹولہ مختلف فورمز پر بزنس کے علاوہ ہر چیزپر بات کرتا ہے ، جمہوریت شطرنج نہیں کہ مہرے کو اُٹھا کے دوسری جگہ رکھ دیا جائے ، عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ترجمان حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ کوئی سنجیدہ سیاستدان اور ذمہ دار وزیر اپنے سامنے کسی فضول بات کو برداشت نہیں کرتا جب کہ پیپلز پارٹی متنازعہ نہروں اور دریائے سندھ کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹے گی۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: احسن اقبال
پڑھیں:
معیشت بہتر ہوتے ہی ٹیکس شرح‘ بجلی گیس کی قیمت کم کریں گے: احسن اقبال
نارووال (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس جذبے سے ہماری افواج دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ دے رہی ہیں، ملکی معاشی بہتری کے لیے کردار ادا نہ کیا تویہ فورسز کی قربانیوں کے صلے میں ان سے زیادتی ہوگی۔ احسن اقبال نے نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں بجلی، گیس اور توانائی کے بحران پر قابو پائیں۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ معشیت بہتر ہوتے ہی بجلی کے شعبے میں نرخوں میں کمی کو ممکن بنائیں گے، گیس کی قیمتیں بھی کم کرنا ہوں گی۔ ساتھ ہی وزیراعظم اور حکومت کی خواہش ہے کہ ٹیکسوں کی شرح میں کمی لائیں، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ ٹیکس چوری کے خلاف ہم سب کو مل کر جہاد کرنا ہوگا۔ اگر ٹیکس چوری نہیں رکے گی تو تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ بڑھے گا۔ ٹیکس کے بغیر حکومت ترقیاتی کام نہیں کر سکتی، حکومت کے پاس پیسے چھاپنے کی کوئی مشین نہیں ہوتی۔