گورنر سندھ کا عوام کو 40 سے 45 لاکھ روپے میں گھر بناکر دینے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 2 سے 3 ماہ میں عوام کو تحفہ دینے کا عندیہ د یتے ہوئے کہا ہےکہ کوشش ہے 40 سے 45 لاکھ روپے میں مڈل کلاس لوگوں کو گھر دیا جائے جب کہ آئندہ کوئی قبضہ کرے گا تو ہم سب مل کر قبضہ خالی کروائیں گے۔
میراتھون کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ غیر ملکی افراد کی موجودگی نے کراچی میراتھون کو چار چاند لگا دئیے، میراتھون میں ان سب کی شرکت، عالمی ہم آہنگی اور دوستی کا پیغام ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مہنگائی کے اس دور میں ہم کراچی کے عوام کو ایک خصوصی تحفہ دینا چاہتاہوں، چندماہ میں گھردینے کے حوالے سے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا، مڈل کلاس طبقہ مستقبل میں اپنے گھر میں رہ سکتا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کراچی کی رونقیں بحال کرنا ہے، پولو کھیل کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 90 لاکھ روپے سے زائد کی منشیات پکڑی گئی
راولپنڈی:ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران 90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف سمیت مختلف شہروں میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مجموعی طور پر 90 لاکھ 17 ہزار روپے سے زائد مالیت کی 55.678 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی اور موٹروے پر 4مختلف کارروائیوں کے دوران مختلف اقسام کی منشیات برآمد کی گئیں۔
خاص طور پر تعلیمی اداروں کے اردگرد منشیات فروشی کی سرگرمیوں کو ہدف بناتے ہوئے اسلام آباد کے جاپان روڈ پر واقع ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں ایک ملزم کے قبضے سے 45 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب خاتون سمیت 2ملزمان سے 850 گرام آئس اور 2.4 کلو مشکوک پاؤڈر برآمد کیا گیا۔ کراچی کے ناردرن بائی پاس روڈ پر ایک گاڑی سے 25.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جب کہ تین ملزمان کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔
لاہور کے ملتان روڈ پر منصورہ کے قریب کارروائی میں اے این ایف نے ایک رکشے سے 19.2 کلوگرام افیون، 2 کلوگرام ہیروئن اور 6 کلوگرام چرس برآمد کی جب کہ ایک ملزم کو موقع پر دھر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں نشے کی لت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ملک گیر سطح پر مربوط کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔