خیرپور کی 8تحصیلوں میں ترقیاتی کام سست روی کاشکار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
سکھر (نمائندہ جسارت)کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ ضلع خیرپور کی 8 تحصیلوں میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی اسکیمیں سالوں سے سست روی کا شکار ہیں ، ان اسکیموں کو مکمل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں ، متعلقہ افسران کی سستی کے باعث عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، انہوں نے ہدایات دیں کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی پینے کے پانی اور نکاسی آب کی اسکیموں میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کو حل کیا جائے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ضلع خیرپور کے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی اسکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ چیف سیکریٹری سندھ کی سربراہی میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ پورے صوبے میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی اسکیموں میں زیادہ سے زیادہ مسائل ضلع خیرپور میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران ذمہ داری لینے کے بجائے دوسروں پر ذمہ داری منتقل کر کے خود کو بری الزمہ ذمہ کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں نکاسی آب کی اسکیموں کی زمین کی خریداری کے لیے حکومت نے زمین مالکان کو رقم منتقل کر دی ہے تاہم اس کا قبضہ تاحال نہیں لیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے مسائل کے باعث ترقیاتی اسکیمیں سالوں سے تاخیر کا شکار ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے سبب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے انتباہ جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔