امریکی ریاست الاسکا میں طیارہ لا پتا‘ پائلٹ سمیت 10 افراد سوار تھے
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست الاسکا میں دورانِ پرواز طیارہ لاپتا ہو گیا ہے جس میں پائلٹ سمیت 10 افراد سوار تھے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق الاسکا کے محکمہ پبلک سیفٹی نے بتایا ہے کہ بیرنگ ائر کا طیارہ شام 4بجے لا پتا ہوا جو یونالکلیٹ سے نوم شہر جا رہا تھا۔ حکام طیارے سے آخری بار ہونے والے رابطے کے مقام کو جانچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیرنگ ائر کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈیوڈ اولسن کے مطابق طیارے نے 2 بج کر 37 منٹ پر یونالکلیٹ شہر سے اڑان بھری تھی اور آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پختونخوا میں کار کھائی میں جاگری؛ 2 بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق
ڈی آئی خان:پختونخوا میں کار کھائی میں گرنے کے حادثے میں دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ کے سیاحتی مقام المرکلاں میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق گاؤں بیاران، خدرزائی سے ہے۔ جاں بحق افراد میں عبدالرحیم اور انس خان شامل ہیں جو سگے بھائی تھے۔ عبدالرحیم حال ہی میں عیدالفطر کے موقع پر دبئی سے وطن واپس آئے تھے۔
حادثے میں 2 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے گاؤں بیاران رغہ سر قبرستان، خدرزائی میں ادا کی جائے گی۔
علاقے میں حادثے کے بعد فضا سوگوار ہے اور گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔