کراچی؛ چھت پر کھیلتی ہوئی بچی پراسرار طور پر سر میں گولی لگنے سے جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
کراچی:
لیاری موسیٰ لائن میں پراسرار فائرنگ سے کمسن بچی جاں بحق ہوگئی، متوفیہ اپنے فلیٹ کی چھت پر کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی ، ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن کرنے کا حکم دیا ، بچی کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ کھارادر میرا ماں قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بغدادی کے علاقے لیاری موسیٰ لین اقبال برگر والے کے قریب علی آرکیڈ کی چھت پر پراسرار فائرنگ سے کمسن بچی جاں بحق ہوگئی ، متوفیہ کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او بغدادی انسپکٹر ماجد علوی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت ڈھائی سالہ حیا فاطمہ دختر سکندر کے نام سے کی گئی، متوفیہ موسیٰ لائن میں علی آرکیڈ کی ساتویں منزل کی رہائشی تھی ، واقعے کے وقت آٹھویں منزل کی چھت پر دیگر بچوں کے ہمراہ کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں شادی یا کوئی اور تقریب بھی نہیں ہورہی تھی جس میں یہ کہا جائے کے ہوائی فائرنگ ہوئی ہے تاہم تحقیقات کر رہے ہیں ، جاں بحق ہونے والی بچی کی لاش غسل و کفن کے لیے ایدھی موسیٰ لائن غسل خانے لے جائی گئی، متوفیہ کی نماز جنازہ رات ساڑھے 9 بجے گھر کے قریب کوثر مسجد میں ادا کی گئی جس میں بچی کے رشتے داروں اور علاقہ مکینوں کے ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
جاں بحق ہونے والی بچی کا جنازہ گھر سے اٹھنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آگئے ، متوفیہ کے والد اور والدہ کے حالت غیر تھی ، بچی کی ماں غش کھا کر بے ہوش ہوگئی ، ہرآنکھ اشک بار تھی ، جاں بحق ہونے والی بچی کو آہوں اور سسکیوں میں کھارادر میرا ماں قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔
ڈھائی سالہ بچی حیا فاطمہ کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کا ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے نوٹس لے لیا ، انہوں نے ایس ایس پی سٹی کو ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ، انہوں نے کہا کہ علاقے میں فوری طور سرچ آپریشن کیا جائے ، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے۔
ڈی آئی جی نے حکم دیا کہ فارنزک شواہد کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کرائی جائے ، ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ، ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جاں بحق ہونے والی بچی ہوائی فائرنگ چھت پر
پڑھیں:
کراچی: بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش، 2 بچے انتقال کرگئے
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں سے 2 بچے انتقال کرگئے۔ بچوں کے ماموں نے بتایا کہ پانچ میں دو بچے دوران علاج انتقال کرگئے جن کی تدفین تھوڑی دیر میں کی جائے گی۔گزشتہ روز بلدیہ ٹاؤن کی نجی اسپتال میں بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، خاتون نے آپریشن کے ذریعے 3 لڑکے اور 2 لڑکیاں شامل تھیں۔ڈاکٹرزکے مطابق پیدائش ایمرجنسی سیزیرین سیکشن ذریعے ہوئی بچوں کا وزن بہت کم ہے سب بچوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جبکہ بچوں کو بچوں کو آکسیجن دی گئی اور بچوں کے ابتدائی لیبارٹری ٹیسٹ کروائے گئے۔اہلخانہ کے مطابق عدنان شیخ کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی بچوں کی حالت پہلے سے بہتر ہے، پیشے کے اعتبار سے بچوں کے والد ڈرائیور ہیں۔بچوں کے والد کا کہنا تھا کہ اخراجات بہت زیادہ ہے لہذا نتظامیہ اور مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل ہے. ان کا کہنا تھا کہ ایک ساتھ پانچ بچوں کی پیدائش پر وہ بہت خوش ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔