انقلاب اسلامی طاغوتی قوتوں کی الہی طاقت کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کا نام ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
اپنے بیان میں چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ مرجعیت کے ہاتھوں مختلف میدانوں میں شرمناک شکست کے بعد عالمی غنڈوں نے اپنی توپوں کا رخ مرجعیت کی طرف موڑ دیا ہے، خودساختہ پروپیگنڈوں کے ذریعے لوگوں کو ان الہی قوتوں سے متنفر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو حقیقی معنوں میں اسلام کے عظیم مجاہد ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انقلاب اسلامی کی 46ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں اس روشن، مقبول اور اسلامی انقلاب کی قابل فخر فتح کے موقع پر مقام معظم رہبری، ایرانی قوم سمیت ظلم واستبداد کے سامنے ڈٹ جانے والے تمام انسانوں کی خدمت میں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جس نے دنیا کے تمام مظلوم مسلمانوں اور آزادی کے متلاشیوں کے لیے امید کی کرن پیدا کر دی اور اس عظیم الشان انقلاب سے تحریک و رہنمائی لیتے ہوئے نہتے فلسطینی اور لبنانیوں نے غاصب اسرائیل کی طاقت کو خاک میں ملا دیا، میں امام خمینی قدس سرہ کی عظیم اور آزاد روح اور تمام شہدائے اسلام، شہدائے انقلاب اسلامی و تحریک مقاومت کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت وسلام پیش کرتا ہوں، دعاگو ہوں کہ خداوند متعال اسلامی جمہوریہ ایران کے اقتدار اور وقار میں مزید اضافہ کرے گا اور اس انقلاب کو عالم انسانیت کے نجات دہندہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کے انقلاب سے متصل کردے گا، انشاءاللہ
انہوں نے کہا کہ 11 فروری انقلاب ایران حقیقی اسلام کی سربلندی اور مرجعیت کی فتح کے اعلان کا دن ہے، آیت اللہ العظمٰی امام روح اللہ موسوی خمینی نے اپنی حکمت و تدبر اور بصیرت سے پوری دنیا کے سامنے اسلام کی حقانیت کو منوایا، عالم اسلام کے اس عظیم اور نڈر قائد نے جس استقامت اور جرات کے ساتھ انقلاب برپا کیا تاریخ اسے ہمیشہ سنہرے لفظوں سے یاد رکھے گی، عالم کفر کو سب سے زیادہ خطرہ اس نظام ولایت سے ہے جس کے سب سے مضبوط مدافعین مراجع عظام ہیں، مرجعیت کے ہاتھوں مختلف میدانوں میں شرمناک شکست کے بعد عالمی غنڈوں نے اپنی توپوں کا رخ مرجعیت کی طرف موڑ دیا ہے، خودساختہ پروپیگنڈوں کے ذریعے لوگوں کو ان الہی قوتوں سے متنفر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو حقیقی معنوں میں اسلام کے عظیم مجاہد ہیں، انقلاب ایران کے بعد پوری دنیا میں اسلام ناب کا وقار بلند ہوا ہے، انقلاب اسلامی طاغوتی و استعماری قوتوں اور ان کے آلہ کاروں کی الہی طاقت کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کا نام ہے، آج دنیا بھر کی دجالی طاقتیں عالم اسلام کے خلاف برسرپیکار ہیں، انہیں شکست دینے کے لیے اس عاشورائی فکر کو اپنانا ہوگا جس کا اظہار امام خمینی رضوان اللہ نے اپنے کردار و عمل سے کیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انقلاب اسلامی کے ہاتھوں اسلام کے
پڑھیں:
ولادت حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کی مناسبت سے مدرسہ امام علی قم میں نشست کا انعقاد
ڈاکٹر سید دانش نقوی نے تمام اساتذۂ کرام اور طلابِ عزیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ثقافتی و فکری پروگراموں کے ذریعے ہم نہ صرف دورِ حاضر کے حالات سے باخبر رہ سکتے ہیں، بلکہ ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی فکری و عملی راہیں بھی تلاش کر سکتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس مقام، قم میں مدرسہ امام علی علیہ السلام میں ہفتہ وار ثقافتی نشست منعقد ہوئی۔ نشست میں مدرسہ کے طلبہ، مشرف مدرسہ حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید سلمان نقوی، مدیر مدرسہ، اساتذۂ کرام نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی آیت اللہ باقر مقدسی اور حوزۂ علمیہ کے فاضل استاد ڈاکٹر محمد یوسف عابدی نے طلبہ سے خطاب کیا۔ علامہ سید سلمان نقوی نے طلبہ سے دور حاضر کے چیلنجز کے متعلق گفتگو کی۔ اس ہفتہ ولادتِ باسعادت حضرتِ بی بی زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے منعقد ہونیوالی نشست کے آخر میں مسؤلِ امور فرہنگی، ڈاکٹر سید دانش نقوی نے تمام اساتذۂ کرام اور طلابِ عزیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ثقافتی و فکری پروگراموں کے ذریعے ہم نہ صرف دورِ حاضر کے حالات سے باخبر رہ سکتے ہیں، بلکہ ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی فکری و عملی راہیں بھی تلاش کر سکتے ہیں۔ پروگرام کا اختتام دعائے امامِ زمان علیہ السلام سے ہوا۔