12فروری: پاکستان میں خواتین کے حقوق کی جدوجہد کا دن
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 11 فروری 2025ء) سن 1983ء میں اسی دن لاہور میں خواتین نے جنرل ضیاء الحق کے حدود آرڈیننس کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی تھی، جس کے نتیجے میں انہیں ریاستی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ ماہرین کے مطابق خواتین کا قومی دن اور عورت مارچ جیسے ایونٹس شعور بیدار کرنے اور قانون سازی میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔ تاہم مکمل مساوات اور انصاف کے لیے مزید جدوجہد ابھی باقی ہے۔
عورت مارچ: بیانیے کی جنگ یا حقوق کی جدوجہد؟معروف صحافی عاصمہ شیرازی نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عورت مارچ محض بیانیے کی جنگ نہیں بلکہ حقوق کی جدوجہد ہے، جو خواتین کے لیے مساوی حقوق، شناخت اور ان کی آواز کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ آبادی میں تناسب کے باوجود خواتین کے حقوق بدستور سلب کیے جا رہے ہیں۔
’میرا جسم میری مرضی‘: خواتین کا عالمی دن متنازعہ
دنیا بھر میں تقریباﹰ تین کروڑ خواتین غلامی پر مجبور
’عورت کی شکتی سے مرد خائف ہیں‘
خواتین کے حقوق کی علمبردار فرزانہ باری کے مطابق خواتین کے حقوق کا بیانیہ انہیں مکمل خودمختاری دینے کا مطالبہ کرتا ہے، جو معاشی، سیاسی، سماجی اور دیگر شعبوں میں برابری کی ضمانت دیتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ محض نعرہ نہیں بلکہ ایک سماجی حقیقت ہے اور مساوات پر مبنی معاشرہ ہی خواتین کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کر سکتا ہے۔انسانی حقوق کے لیے سرگرم کارکن زاہد عبداللہ کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کو الگ مسئلہ سمجھنے کے بجائے وسیع تر بیانیے کا حصہ سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق خواتین اور معذور افراد کے حقوق تبھی ممکن ہیں جب سماجی بیانیے میں مثبت تبدیلی آئے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ معاشرے میں موجود منفی رویے، لطیفے اور محاورے امتیازی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، جنہیں چیلنج کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے حصول کے لیے بیانیے کی جنگ لڑنا ناگزیر ہے کیونکہ یہی حقیقی تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے۔ہیومن کیپٹل پاکستان کی سربراہ افشاں تحسین کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع میسر نہیں۔
وہ فیصلہ سازی، تعلیم، صحت، معاشی اور سیاسی ترقی میں برابر شمولیت سے محروم ہیں جبکہ لیبر فورس میں ان کی شرکت 20 فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے مردوں کو صنفی حساسیت کے عمل میں شامل کرنے پر زور دیا اور عورت مارچ کو متنازع بنانے پر افسوس کا اظہار کیا، جس سے خواتین کے حقوق کی راہ میں مزید رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔ کیا خواتین کی جدوجہد حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے؟اینکر پرسن عاصمہ شیرازی کے مطابق عورتوں کی جدوجہد نے معاشرتی شعور اور آگاہی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد، انہیں جلا کر مار دیے جانے اور آن لائن ہراسگی جیسے مسائل میں کمی آئی ہے لیکن یہ اب بھی جاری ہیں۔ شیرازی کا کہنا ہے کہ مختلف ادارے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا رہے ہیں اور خواتین کے تحفظ کے لیے قوانین اور ادارے موثر ثابت ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول ان مسائل پر کھل کر بات ہونا ہی ایک بڑی کامیابی ہے۔سماجی کارکن باری کا کہنا تھا کہ جب تک معاشرتی رویے نہیں بدلیں گے اور ریاست خواتین کی تعلیم و ترقی پر سرمایہ کاری نہیں کرے گی، ان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے عورت مارچ گروپوں کے کردار کو اہم قرار دیا مگر اس کے ساتھ ہی کہا کہ یہ مکمل حل فراہم نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق پاکستان کی 49 فیصد خواتین کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ضروریات پوری کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
والدین کو بچیوں کو مساوی تعلیمی مواقع دینے چاہیں جبکہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ریاست کو بھی عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ برابری کی علامت کے تین دن: 12 فروری، 8 مارچ، 22 دسمبرپاکستان میں 12 فروری خواتین کا قومی دن 1983ء میں حدود آرڈیننس کے خلاف خواتین کے احتجاج کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ان قوانین نے عصمت دری کے مقدمات میں خواتین کے لیے شدید ناانصافی پیدا کی۔
لاہور میں ہونے والے احتجاج پر پولیس نے تشدد کیا اور ان کارکنوں کی قربانیوں کے اعتراف میں 2011ء میں اسے باضابطہ قومی دن قرار دے دیا گیا۔ عورت مارچ مرکزی حیثیتپاکستان میں 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس میں 2018ء سے شروع ہونے والا عورت مارچ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ مارچ خواتین پر تشدد، معاشی و تولیدی حقوق اور آزادی اظہار جیسے مسائل اجاگر کرتا ہے۔
قدامت پسندانہ مخالفت کے باوجود، یہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد اور مزاحمت کی علامت بن چکا ہے۔ عاصمہ شیرازی کے مطابق عورت مارچ کے قریب آتے ہی مخالفت میں شدت آ جاتی ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد آج بھی چیلنجز سے دوچار ہے جنہیں سمجھنا اور حل کرنا ناگزیر ہے۔فرزانہ باری کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد خواتین پر صرف گھریلو ذمہ داریوں کا بوجھ ڈالنا درست نہیں۔
مردوں کو بھی برابر کی ذمہ داری لینی چاہیے تاکہ حقیقی مساوات قائم ہو سکے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں 22 دسمبر اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک اور مزاحمت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ آسیہ بی بی کیس اور جوزف کالونی واقعہ توہین مذہب قوانین کے غلط استعمال کی مثالیں ہیں۔ یہ دن اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بیداری کے لیے اہم مواقع قرار دیے جاتے ہیں۔ انسانی حقوق کی ارتقا کو کیسے یقینی بنایا جائے؟زاہد عبداللہ نے تاریخی تناظر میں بتایا کہ رومی تہذیب میں خواتین اور معذور افراد کے حقوق نہ ہونے کے برابر تھے لیکن مذاہب کی ارتقا کے ساتھ ان کے تحفظ کے اصول وضع کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا ارتقا ایک مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ افشاں تحسین کے مطابق سماجی روایات قانون پر حاوی ہیں اور پدرشاہی سوچ تعلیم یافتہ طبقے میں بھی موجود ہے، جس کی وجہ سے خواتین مخصوص کرداروں تک محدود ہیں۔ وہ طویل جدوجہد کے باوجود مرکزی دھارے میں برابری حاصل نہیں کر پائی ہیں۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے خواتین کے حقوق کی حقوق کی جدوجہد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں میں خواتین خواتین کا کے مطابق کرتا ہے کے لیے
پڑھیں:
ایچ پی وی ویکسین: پاکستانی معاشرے میں ضرورت
انسانی تاریخ میں کچھ بیماریاں ایسی بھی رہی ہیں جو نسلِ انسانی کے وجود پر سوالیہ نشان بن کر ابھریں۔ کینسر ان میں آج بھی سب سے بھیانک ہے۔ مگر سائنس نے انسان کو یہ پیغام دیا کہ اندھیروں میں بھی چراغ جلائے جاسکتے ہیں۔
انہی چراغوں میں سے ایک ہے ایچ پی وی ویکسین (Human Papillomavirus Vaccine)، جسے اردو میں ’’انسانی پیپلیلوما وائرس حفاظتی دوا‘‘ کہا جا سکتا ہے۔ یہ ویکسین بالخصوص خواتین کی زندگی اور صحت کی حفاظت کے لیے آج کی سائنسی دنیا میں بڑی عظیم کامیابی ہے۔
عالمی تحقیق اور ابتدا
ایچ پی وی ویکسین کی بنیاد 1990 کی دہائی میں رکھی گئی جب آسٹریلیا کے سائنس دان پروفیسر یان فریزر (Ian Frazer) اور ان کے ساتھی جیہان ژو (Jian Zhou) نے وائرس جیسے ذرات (Virus-like Particles) ایجاد کیے۔ یہ ذرات بیماری نہیں پھیلاتے لیکن جسم کو مدافعتی ردعمل کے لیے تیار کر دیتے ہیں۔ 2006 میں امریکا نے پہلی بار اسے Gardasil کے نام سے متعارف کرایا، بعد ازاں Cervarix اور Gardasil 9 جیسے مزید مؤثر ورژن سامنے آئے۔
عالمی ادارۂ صحت (WHO) اور امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) کے مطابق یہ ویکسین خواتین میں سروائیکل کینسر (Cervical Cancer) کے تقریباً 70 فیصد سے 90 فیصد تک کیسز کو روکتی ہے۔ آسٹریلیا، برطانیہ اور ناروے جیسے ممالک میں یہ ویکسینیشن پروگرام اس حد تک کامیاب رہا کہ وہاں نوجوان نسل میں سروائیکل کینسر کی شرح نصف سے بھی کم ہوگئی۔
پاکستان میں ضرورت
پاکستان میں ہر سال تقریباً 5,000 خواتین سروائیکل کینسر کا شکار ہوتی ہیں، جبکہ اموات کی شرح 60 فیصد کے قریب ہے، کیونکہ عموماً مرض کی تشخیص دیر سے ہوتی ہے۔ یہ بیماری صرف عورت تک محدود نہیں رہتی، بلکہ خاندان کی بقا، بچوں کی تربیت اور سماج کی اخلاقی ساخت کو بھی متاثر کرتی ہے۔ ایسے میں ایچ پی وی ویکسین کا استعمال ناگزیر دکھائی دیتا ہے۔
مزید یہ کہ عالمی تحقیق ثابت کرچکی ہے کہ ایچ پی وی صرف خواتین کے لیے ہی نہیں بلکہ مردوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔ یہ وائرس مردوں میں منہ، گلے اور تولیدی اعضا کے سرطان کا باعث بن سکتا ہے۔ امریکا اور یورپ میں ویکسین لگنے کے بعد مردوں میں بھی اس کے خلاف نمایاں تحفظ دیکھا گیا ہے۔
سماجی اور مذہبی رکاوٹیں
پاکستان میں اس ویکسین کے فروغ میں کئی رکاوٹیں درپیش ہیں۔
کچھ حلقے اسے مغربی سازش قرار دیتے ہیں اور مذہبی بنیاد پر مخالفت کرتے ہیں۔
والدین میں یہ خوف بھی پایا جاتا ہے کہ یہ ویکسین نوجوانوں میں جنسی آزادی کو فروغ دے گی۔
لاعلمی اور کم علمی کی وجہ سے اکثر اسے غیر ضروری یا غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
اسلامی ممالک اور علما کا موقف
کچھ اسلامی ممالک نے نہ صرف ایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام فعال کیے ہیں بلکہ علما نے بھی اسے شرعی اعتبار سے جائز قرار دیا ہے۔ مثال کے طور پر ملیشیا میں 2010 میں Jabatan Kemajuan Islam Malaysia (JAKIM) نے باضابطہ فتوٰی جاری کیا کہ اگر ویکسین کی ترکیب میں کوئی مشکوک جزو نہ ہو اور یہ نقصان دہ نہ ہو تو رحمِ مادر کے سرطان سے بچاؤ کےلیے HPV ویکسین لگوانا ’’مباح‘‘ (permissible) ہے۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات (UAE) نے 2018 میں HPV ویکسین کو اپنے قومی حفاظتی پروگرام میں شامل کیا، اور وہاں کے نیشنل امیونائزیشن ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ نے حکومتی سطح پر اس کی تائید کی۔
مزید یہ کہ سعودی عرب کے صوبے جازان میں عوامی رویے اور تحقیق سے واضح ہوا کہ مذہبی خدشات کے باوجود طبی اور شرعی دلائل نے ویکسین کے استعمال کو قابلِ قبول بنایا ہے۔
یہ مثالیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ انسانی جان کے تحفظ کو اسلام میں اولین ترجیح حاصل ہے، اور جب کوئی دوا جان بچانے کا ذریعہ ہو تو اس کا استعمال نہ صرف جائز بلکہ واجب کے قریب قرار دیا جا سکتا ہے۔
ایچ پی وی ویکسین آج پاکستانی معاشرے کے لیے محض ایک طبی ایجاد اور ضرورت ہی نہیں بلکہ خواتین کی زندگی، اور معاشرتی بقا کی بھی ضامن ہے۔ اگر حکومت اسے قومی حفاظتی ٹیکوں کے دیگر ذرائع کی طرح مستقل پروگراموں میں شامل کر لے تو ہر سال ہزاروں زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ اعداد و شمار، تحقیق اور عالمی تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجی اور مذہبی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔