کراچی میں یلو لائن بی آر ٹی کا اہم سیکشن کھولنے کا فیصلہ، خواتین کے لیے اسکوٹی ٹریننگ پروگرام کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
کراچی کے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ سندھ حکومت نے یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے تاج حیدر پل کو جلد عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ساتھ ہی گلشن معمار سے ٹاور تک 15 ای وی بسوں پر مشتمل نیا روٹ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جو شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گا۔
یہ فیصلے سندھ کے سینیئر وزیر برائے اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں کیے گئے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ کے جاری منصوبوں اور آئندہ کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ یلو لائن بی آر ٹی کا تاج حیدر پل سیکشن مکمل ہو چکا ہے، اور اسے عوام کے لیے جلد کھول دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ گلشن معمار سے ٹاور تک ایک نیا روٹ متعارف کروا رہی ہے، جہاں الیکٹرک ویہیکل (ای وی) بسیں چلیں گی تاکہ شہریوں کو صاف ستھری اور پائیدار ٹرانسپورٹ سہولت حاصل ہو۔
اجلاس میں صوبائی حکومت نے خواتین اور طالبات کو بااختیار بنانے کے لیے ایک بڑا قدم بھی اٹھایا۔ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا کہ حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں خواتین کے لیے اسکوٹی ٹریننگ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ تربیت نجی کمپنی کے اشتراک سے دی جائے گی، اور کورس مکمل کرنے والی خواتین کو مفت ڈرائیونگ لائسنس فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں کسی مالی دباؤ کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صرف سفری سہولت تک محدود نہیں بلکہ خواتین کی خود مختاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی سمت ایک عملی قدم ہے۔
مزید برآں، وزیرِ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ خیرپور، شکارپور اور نوشہروفیروز میں بھی پیپلز بس سروس کے تحت 20 نئی بسیں چلائی جائیں گی۔ جبکہ ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی نئی کھیپ بھی جلد کراچی پہنچے گی۔
شرجیل انعام میمن نے یہ بھی اعلان کیا کہ دسمبر میں ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں 30 پنک ای وی ٹیکسیاں متعارف کرائی جائیں گی جن کے لیے خواتین ڈرائیورز کی خصوصی تربیت شروع کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، سستی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ عوام کی روزمرہ زندگی کو سہل بنایا جا سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: شرجیل انعام میمن کے لیے
پڑھیں:
سندھ حکومت کا زرعی شعبے کی ترقی کیلئے جامع اصلاحات کا اعلان
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آبادگار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہیں ہر ممکن سہولت دیں گے، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق پر مبنی زراعت کو فروغ دیا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت زرعی شعبے سے متعلق کراچی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ زراعت محمد بخش مہر، چیف سیکریٹری و دیگر شریک ہوئے۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں زرعی ترقی، کریڈٹ اسکیمز اور ہاریوں کی معاونت پر غور کیا گیا، سندھ حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کیلئے جامع اصلاحات کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ آبادگار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہیں ہر ممکن سہولت دیں گے، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق پر مبنی زراعت کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشت کاروں کیلئے قرضوں کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کی جائیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہاریوں کیلئے بر وقت اور شفاف مالی معاونت یقینی بنائی جائے۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے نئی اور اسمارٹ کراپنگ پیٹرن اختیار کرنے کی تاکید کی۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق فصلوں کے پیٹرن بدلنے پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ غیر شفافیت یا ہاریوں کے فنڈز میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔