راولپنڈی: ٹریفک اہلکاروں نے ٹیکس جمع نہ کرانے پر اسکول وین بچوں سمیت بند کردی
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
راولپنڈی:
ریجنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ عملے نے ٹوکن شارٹ ہونے پر اسکول وین کو طالبعلموں سمیت بند کردیا۔
عملے نے وین کو اولڈ جی ٹی ایس میں قائم دفتر میں دھوپ میں کھڑا کر دیا جس کے باعث سرکاری اسکول کے بچے ایک گھنٹے سے گاڑی میں بیٹھے شدید پریشانی کا شکار رہے۔ تمام طالبعلموں کا تعلق ڈھوک رتہ سے ہے۔
ڈرائیور کی جانب سے بچوں کو گھروں تک پہنچانے کی درخواست بھی عملے نے مسترد کر دی۔ واقعہ کی اطلاع میڈیا پر آنے کے بعد سیکرٹری ٹرانسپورٹ ریجنل اتھارٹی سید اسد عباس نے ایکسپریس نیوز کی خبر پر فوری ایکشن لیا۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بچوں کو فوری طور پر گھروں میں ڈراپ کرنے کی ہدایت جاری کر دی، تاہم ساتھ ہی واضح کیا کہ وین ڈرائیور نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے، لوڈر گاڑی کو اسکول وین کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
سید اسد عباس نے ہدایت کی کہ بچوں کو بحفاظت گھروں تک پہنچایا جائے لیکن ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: اسکول وین میں آگ لگنے کے سبب 6 بچے زخمی ہو گئے
---فائل فوٹوکراچی کے علاقے ناظم آباد میں اسکول کی وین میں آگ لگنے کے سبب 6 بچے زخمی ہو گئے۔
ریسکیو کے حکام کے مطابق وین کے گرم ہونے کے باعث اس میں آگ لگ گئی تھی، زخمی ہونے والے بچوں کو بروقت اسپتال پہنچا دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعہ آج صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب پیش آیا تھا، پولیس کو بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں دی گئی تھی، اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا، متاثرہ وین اسکول کے بچوں کی پِک اینڈ ڈراپ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
دوسری جانب سول اسپتال کے برنس وارڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 4 بچوں کو آج صبح اسپتال لایا گیا تھا، تین بچوں کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ ایک بچی تاحال زیرِ علاج ہے۔
اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق وین کے ڈرائیور کو برنس وارڈ میں نہیں لایا گیا۔