راولپنڈی میں ٹیکس نہ جمع کرانے پر اسکول وین بچوں سمیت بند، سیکرٹری ٹرانسپورٹ کا نوٹس
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
راولپنڈی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ٹریفک اہلکاروں نے ٹیکس جمع نہ کرانے پر اسکول وین کو بچوں سمیت بند کر دیا۔ ریجنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے عملے نے وین کا ٹوکن شارٹ ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو اولڈ جی ٹی ایس دفتر میں دھوپ میں کھڑا کر دیا۔ اس دوران سرکاری اسکول کے بچے تقریباً ایک گھنٹے تک شدید گرمی میں وین کے اندر بیٹھے رہے اور سخت پریشانی کا شکار رہے۔ تمام بچوں کا تعلق ڈھوک رتہ کے علاقے سے تھا۔
ڈرائیور نے حکام سے درخواست کی کہ بچوں کو گھروں تک چھوڑنے کی اجازت دی جائے، تاہم عملے نے یہ درخواست مسترد کر دی۔ واقعہ میڈیا پر آنے کے بعد سیکرٹری ٹرانسپورٹ ریجنل اتھارٹی سید اسد عباس نے ایکسپریس نیوز کی خبر پر فوری ایکشن لیا۔
سید اسد عباس نے بچوں کو فوری طور پر گھروں تک بحفاظت پہنچانے کی ہدایت جاری کی، تاہم ساتھ ہی واضح کیا کہ ڈرائیور نے قواعد و ضوابط (SOPs) کی خلاف ورزی کی ہے کیونکہ لوڈر گاڑی کو اسکول وین کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اس لیے انہیں محفوظ طریقے سے گھر پہنچایا جائے، مگرڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کوئٹہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سفری سہولت کا آغاز، گرین بس منصوبے میں پنک بسوں کا اضافہ
کوئٹہ میں خواتین کو بااعتماد اور بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدام کے طور پر خصوصی سفری سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ گرین بس منصوبے کو وسعت دیتے ہوئے جہاں شہر کے لیے 12 نئی بسوں کا اضافہ کیا گیا ہے، وہیں خواتین کی آسان اور محفوظ آمد و رفت کے لیے 5 پنک بسیں بھی باقاعدہ طور پر سروس میں شامل کردی گئی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق پنک بسیں شہر کے مختلف مقامات سے چلائی جائیں گی، جن کا مقصد خواتین کو آرام دہ، محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف خواتین کی خود مختاری میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی بھی مزید آسان ہو جائے گی۔
عوامی حلقوں اور طالبات نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پنک بس سروس سے خواتین کے لیے سفر کا دیرینہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا، جبکہ گرین بس منصوبے کی وسعت شہریوں کو مزید معیاری ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں