ڈمپر ، بس کی ٹکر سے حاملہ خاتون سمیت 3افراد جاں بحق، عوام نے 4ہیوی گاڑیاں جلا دیں، ٹرانسپورٹرز کا احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں تیز رفتار ہیوی ٹریفک شہریوں کی جان کا دشمن بن گیا، بدمست ٹینکروں کو قابو کرنے کیلیے حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک پر دن کے اوقات میں شہر میں داخلے پر پابندی بھی عاید کی گئی لیکن حادثات نہیں رک سکے، گزشتہ روز بھی خاتون اپنے ہونے والے بچے سمیت اور ایک شخص ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے، شہر میں مسلسل جاری حادثات کے باعث نامعلوم مشتعل افراد نے 4 مال بردار ٹرکوں (ہیوی گاڑیوں) کو پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، آتشزدگی کے واقعات کے خلاف ٹرانسپورٹرز احتجاج پر اتر آئے، مختلف علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی، ٹینکرز جلانے کے واقعات پر وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار کا سخت نوٹس، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کراچی میں حادثات پر عوامی خدشات کو تسلیم کرتی ہے، معصوم جانوں کا ضیاع ایک المناک حقیقت ہے اور ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم نے بھاری گاڑیوں کے نظم و ضبط کیلیے سخت اقدامات کیے ہیں، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ہیوی ٹریفک کے بڑھتے حادثات اور شہریوں کی ہلاکتوں کا معاملے پر بیرسٹر حسن خان نے ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرادی۔ یکم جنوری سے اب تک سال کے ابتدائی 40 ایام میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے104 سے زائد شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہوچکے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے اندر 8 ہزار سے زائد شہری ان حادثات میں زخمی ہوئے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ہیوی ٹریفک
پڑھیں:
کراچی سمیت ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ
اسلام آباد:مون سون سسٹم کے تحت کراچی سمیت ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی جس کے سبب اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق جنوبی اور وسطی پاکستان میں پیر تک مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، سندھ، پنجاب اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 24 سے 28 جولائی تک بارشیں متوقع ہیں۔ اس دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، عمر کوٹ، تھرپارکر، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، خیرپور اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں 24 سے 26 جولائی کے دوران لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آبا، بہاولپور، رحیم یار خان اور دیگر وسطی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ آندھی، تیز ہواوٴں اور آسمانی بجلی سے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسیات نے ہدایت کی کہ سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کسان موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں، مویشی پال حضرات حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی۔