اسرائیل کو غزہ میں مکمل شکست ہوئی ہے، صیہونی جرنیل
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
غزہ جنگ کی منصوبہ بندی کرنے والے ایک صیہونی جرنیل نے نیتن یاہو اور اس کے اتحادیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے فتح کے اعلان کو بیہودہ قرار دیا اور کہا کہ غزہ سے متعلق مطلوبہ اہداف میں سے کوئی ہدف بھی حاصل نہیں ہوا اور اسرائیل کو مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ صیہونی رژیم کی ریزرو فورس کے جنرل گیورا ایلینڈ جو غزہ جنگ کے دوران "جنرلز پلان" نامی منصوبے کا بانی تصور کیا جاتا ہے اور جس نے جنگ بندی سے سو دن پہلے سے اس منصوبے پر عملدرآمد کروانے کی ذمہ داری سنبھال رکھی تھی، غزہ جنگ میں اسرائیل کی مکمل شکست اور ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ اسرائیل اس جنگ کے مطلوبہ اہداف میں سے کوئی ایک ہدف بھی حاصل نہیں کر پایا لہذا اسے سو فیصد شکست ہوئی ہے۔ جنرل گیورا ایلینڈ نے طنزیہ انداز میں صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے "مکمل فتح" کا اعلان کیے جانے کے بارے میں کہا: "غزہ میں مکمل فتح اسرائیل کے لیے مکمل شکست میں تبدیل ہو گئی ہے اور ہم اس جنگ میں فاتح قرار نہیں پائے ہیں۔" اس نے مزید کہا: "اسرائیل آج تک ان چار اہداف میں سے کوئی ایک ہدف بھی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا جو غزہ جنگ کے لیے مقرر کیے گئے تھے۔ اسرائیل حماس کی فوجی طاقت ختم نہیں کر پایا، غزہ میں حماس کی حکومت ختم نہیں کر سکا اور اسی طرح غزہ کے اردگرد یہودی بستیوں کی سیکورٹی بھی بحال کرنے میں ناکام رہا ہے۔" گیورا ایلینڈ نے کہا: "اسرائیل غزہ سے اپنے یرغمالی بھی فوجی طاقت کے ذریعے نہیں بلکہ مذاکرات اور قیدیوں کے تبادلے کے ذریعے آزاد کروا پایا ہے۔"
اسرائیلی ریزرو فوج کے جنرل نے کہا: "مکمل فتح کا مطلب یہ ہے کہ مدمقابل غیر مشروط طور پر آپ کے سامنے گھٹنے ٹیک دے اور ایک حد تک فتح بھی اس وقت ہوتی ہے جب مدمقابل اپنی سرزمین کا کچھ حصہ آپ کے سپرد کر دے اور ہتھیار پھینک دے، اس کی حکومت ختم ہو جائے اور وہ جنگ کا تاوان بھی ادا کرے۔ لیکن غزہ میں ان میں سے کچھ بھی نہیں ہوا ہے۔" جنرل گیورا ایلینڈ نے کہا: "نیتن یاہو اور اس کی اندھے اور بہرے مافیا بڑی بڑی باتیں تو کرتے ہیں لیکن ان کی کوئی حیثیت اور فائدہ نہیں ہے۔" دوسری طرف صیہونی فوج کے ریٹائرڈ جنرل اسحاق برک نے بھی صیہونی اخبار معاریو میں ایک مضمون شائع کیا ہے جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج روز بروز ٹوٹ پھوٹ اور انتشار کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔ یاد رہے جنرل اسحاق برک ماضی میں فوجیوں کی شکایات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری ادا کرتا رہا ہے۔ اس نے اپنے مضمون میں لکھا کہ اسرائیل کی بری فوج بہت چھوٹی ہے اور وہ چند محاذوں پر ایک ساتھ جنگ کرنے کی طاقت نہیں رکھتی۔ اس صیہونی جرنیل نے اسرائیل کے وجود کو درپیش خطرے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ ہم اس وقت شدید سیکورٹی بحران سے روبرو ہیں جو ایک جوہری حملے کی حد تک تباہ کن اور نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
کراچی کے منصوبے شروع ہو جاتے‘ مکمل ہونے کا نام نہیں لیتے: حافظ نعیم
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے 9 ٹاؤنز چیئرمینوں کی کارکردگی قابض میئر کی کارکردگی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہے، ہم تو چاہتے ہیں کہ تعلیم،صحت، عوامی خدمت اور تعمیر وترقی میں مقابلہ ہو لیکن پیپلزپارٹی کا ان کاموں سے کوئی تعلق نہیں، اختیارات و وسائل کی کمی کے باوجود ہمارے تمام ٹاؤنز میں تعمیر وترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ اختیارات سے بڑھ کر عوامی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔ پیپلزپارٹی رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے ٹاؤن، یوسیز کو فنڈز دے۔ فارم 47 والی حکومت اور قبضہ میئر شپ کو تسلیم نہیں کرتے، کراچی کے ترقیاتی منصوبے تو شروع ہو جاتے ہیں لیکن مکمل ہونے کا نام نہیں لیتے، کراچی کو لوٹنے و تباہ و برباد کرنے والا وڈیرہ شاہی مائنڈ سیٹ اب مزید نہیں چلے گا۔ سسٹم کو اب خیرباد کہنے کا وقت آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم سی نارتھ ناظم آباد کے تحت پارک بارہ دری بلاک Aمیں نارتھ ناظم آباد کے عوام کے لیے تکمیل شدہ اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب و پریس بریفنگ اور ٹی ایم سی نیو کراچی کے تحت پاور ہاؤس چورنگی سے نیو کراچی نمبر 3 تک نئی تعمیر شدہ سڑک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے آئندہ کے منصوبوں کے حوالے سے تختی کی نقاب کشائی بھی کی اور نیو کراچی میں معروف نعت گو شاعر اعجاز رحمانی کے نام سے منسوب سڑکوں کا افتتاح کیا۔