لبنان میں UN قافلے پر حملہ، 25 افراد گرفتار، حالات کشیدہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
بیروت: لبنان میں اقوام متحدہ کے قافلے پر حملے کے بعد 25 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جب کہ حملے میں UNIFIL کے ڈپٹی کمانڈر اور ایک نیپالی امن اہلکار زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حزب اللہ کے حامیوں نے مسلسل دوسرے دن لبنان کے واحد بین الاقوامی ایئرپورٹ جانے والی سڑک بند کر دی، جس کی وجہ ایرانی پروازوں کی لینڈنگ پر پابندی بنی۔ احتجاج کو روکنے کے لیے فورسز نے آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔
UNIFIL نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ حملے میں زخمی ہونے والے چوک بہادر ڈھاکل اپنی ذمہ داری مکمل کر کے نیپال واپسی کے لیے جا رہے تھے۔
لبنانی صدر جوزف عون نے کہا کہ "حملہ آوروں کو سخت سزا دی جائے گی"، جبکہ وزیراعظم نواف سلام نے خبردار کیا کہ "آزادئ اظہار ضروری ہے، مگر سرکاری اور نجی املاک پر حملے برداشت نہیں کیے جا سکتے"۔
ہجوم میں شامل بعض افراد حزب اللہ کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور ایک فوجی افسر کو نشانہ بنا رہے تھے۔ حزب اللہ کے چینل المنار نے دعویٰ کیا کہ حملے میں نامعلوم نقاب پوش ملوث تھے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ قافلے پر حملے کے اصل ذمہ دار کون ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مزید گرفتاریوں کا عندیہ دیا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
انسانی اسمگلرز کا نیا طریقہ واردات بے نقاب، ملزم گرفتار
گوجرانوالہ میں زمینی راستوں پر سختی کے بعد انسانی اسمگلرز نے نیا طریقہ واردات اپنالیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق انسانی اسمگلرز 22 افراد پر مشتمل جعلی فٹ بال ٹیم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے جاپان پہنچ گئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق دستاویز جعلی ثابت ہونے پر جاپان نے تمام افراد کو ڈی پورٹ کردیا جبکہ اسکینڈل میں ملوث ملزم ملک وقاص گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے گولڈن فٹ بال ٹرائل کے نام سے فٹ بال کلب کی رجسٹریشن کروائی اور 22 افراد سے فی کس 40 لاکھ روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق تمام افراد کو فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کی طرح تربیت دی گئی، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ رجسٹریشن کی جعلی دستاویز بنائی گئیں۔
حکام کے مطابق جعلی دستاویزات کے مطابق ملزمان کے جاپان کے ایک کلب سے فٹ بال میچ شیڈول تھے، ملزم نے وزارت خارجہ کے جعلی کاغذات بھی تیار کیے تھے۔
ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ جنوری 2024ء میں بھی فٹ بال ٹیم کے روپ میں 17 افراد کو جاپان بھجوایا تھا۔