کوئٹہ، نقل پر قابو پانے میں ناکامی پر دو امتحانی مراکز کے عملے معطل
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
تعمیر نو کالج کوئٹہ اور گورنمنٹ ہائی اسکول شفیق احمد خان کے اچانک دورے کے موقع پر طلباء سے موبائل اور نقل برآمد ہونے کے بعد چیئرمین بلوچستان بورڈ نے دونوں امتحانی مراکز کے عملے کو معطل کر دیا۔ اسلام ٹائمز۔ میٹرک کے امتحانات کے دوران نقل پر قابو پانے میں ناکامی پر کوئٹہ کے دو امتحانی مراکز کے عملوں کو معطل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین اعجاز عظیم بلوچ اور کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ نے میٹرک کے جاری امتحانات کے سلسلے میں تعمیر نو کالج اور گورنمنٹ ہائی اسکول شفیق احمد خان میں قائم امتحانی سینٹرز پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران کئی موبائل فونز، نقل اور ڈپلیکیٹ امیدوار پکڑے گئے۔ چیئرمین نے فوری طورپر دونوں سینٹرز کے امتحانی عملے کو معطل کردیا۔ اس موقع پر چیئرمین اعجاز عظیم بلوچ نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی کی سختی سے ہدایات ہیں کہ نقل کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں میٹرک کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے اور نقل کی روک تھام، موبائل کے استعمال کی سختی سے ممانعت اور اپنی جگہ کسی اور کو بٹھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات ہیں۔ کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ نے کہا کہ صوبے بھر کے امتحانی مراکز کے قریب دفعہ 144 کے تحت کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو گھومنے کی اجازت نہیں ہے۔ ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ بلوچستان میں معیار تعلیم کی بہتری کیلئے نقل کا روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، چیف سیکرٹری شکیل قادر اور سیکرٹری تعلیم صالح ناصر کی واضح ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: امتحانی مراکز کے
پڑھیں:
بلوچستان حکومت کی الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنیکی درخواست
نجی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کیجانب سے الیکشن کمیشن کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ جس میں کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے الیکشن کمیشن سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو روکنے کی درخواست کی ہے۔ نجی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ جس میں بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست کی ہے۔ مراسلے میں سرد موسم اور امن و امان کی خراب صورتحال کی بنا پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ملنے والی درخواست کو الیکشن کمیشن ہیڈ آفس بجھوا کر قانونی رائے طلب کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات روکنے کی کوشش کر چکی ہے۔ تاہم اس بار بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا۔