پنجاب بھر کی جیلوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
حکومت پنجاب نے صوبے بھر کی 43 جیلوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے حتمی پلان وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری کے لیے پیش کر دیا۔اس حوالے سے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (NRTC) کی مدد سے تمام جیلوں کا ابتدائی سروے بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
سروے کے دوران جیلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے لاگت کا تخمینہ بھی لگایا گیا ، جس کے مطابق پنجاب کی 43 جیلوں میں بجلی اور گیس کا سالانہ بل ساڑھے 4 ارب تک پہنچ چکا ہے۔ تمام 43 جیلوں کی مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقلی کی کل لاگت ایک سال کے بلوں سے بھی کم ہے۔
این آر ٹی سی کے مطابق پنجاب کی تمام جیلوں کو 4 ارب 35 کروڑ کی لاگت سے شمسی توانائی پر منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ گرین انرجی کے مجوزہ حل پر مرحلہ وار عملدرآمد سے بجلی کے بلوں میں 60 فیصد کمی آئے گی اور شمسی توانائی پر منتقلی سے 3 سالوں میں تمام سرمایہ کاری کی واپسی کے ساتھ طویل مدتی مالی ریلیف ملے گا اور پنجاب کی جیلیں توانائی میں خود کفیل ہوں گی، جس سے خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں میں بجلی اور گیس کے بلوں میں ریکارڈ اضافے کے باعث گرین انرجی پر منتقلی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کی تمام جیلوں کو شمسی توانائی پر منتقلی کا پلان صوبائی کابینہ کو پیش کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ منصوبے کے لیے جاری مالی سال کے دوران 2 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: شمسی توانائی پر منتقلی جیلوں کو پنجاب کی
پڑھیں:
جیلوں میں ہیٹ سٹروک کا خطرہ، سپرنٹنڈنٹس جیل کو مراسلہ جاری
لاہور: بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت کے باعث پنجاب کی جیلوں میں ہیٹ سٹروک کا خطرہ پیدا ہو گیا۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے ہیٹ سٹروک سے بچنے کے تمام سپرنٹنڈنٹس جیل کو مراسلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لیے بیرکوں میں الیکٹرک کولر اور چلر لگائے جائیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ کسی بھی جیل میں الیکٹرک کولر اور چلر خراب حالت میں نہ ہو، واچ ٹاور پر ڈیوٹی کرنے والے جیل ملازمین کیلئے بریکٹ فین اور ٹھنڈے پانی کا لازمی بندوبست کیا جائے۔
کچن کو ہوادار بنایا جائے، دھوپ میں کام کرنے والے مشقتی قیدیوں کے لیے چھتریوں کا انتظام کیا جائے، جیل کے ڈاکٹر گرمی اور ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کی تدابیر سے قیدیوں کو آگاہ کریں۔