لاپتا افراد سے متعلق 10 درخواستیں، کے پی و وفاقی حکومت سے جواب طلب
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
پشاور ہائی کورٹ نے لاپتا افراد سے متعلق دائر 10 درخواستوں پرخیبرپختونخوا اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔
لاپتا افراد سے متعلق دائر درخواستوں پرقائم مقام چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور پولیس فوکل پرسن عدالت میں پیش ہوئے۔ قائم مقام چیف جسٹس نے پولیس فوکل پرسن سے استفسار کیا کہ کہ اتنے لوگ کیوں لاپتا ہو رہے ہیں۔ فوکل پرسن نے جواب دیا کہ اس میں زیادہ تر لوگ خود بھی لاپتا ہوتے ہیں۔ کسی کی ذاتی دشمنی ہوتی ہے اور کوئی قرضدار ہوتا ہے۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے بھی بہت سارے لاپتہ ہو جاتے ہیں۔
قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ایسے لوگ تو پھر لوکل پولیس سے زیادہ ماہر ہیں۔ پولیس کو ایسی صورت میں پتہ ہونا چاہیئے کہ کیوں غائب ہیں۔ آپ لوگ صرف رپورٹ جمع کر لیتے ہیں کہ ادارے کے پاس نہیں ہیں۔ آپ کے پاس رپورٹس میں مزید تفصیل ہونا چاہیے۔
ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ یہ اچھی تجویز ہے۔ ایس ایچ او کو ہر لاپتا شخص سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرنا چاہیے۔ لاپتا شخص کا کردار، کاروبار اور دیگر معاملات رپورٹ میں شامل ہونا چاہیے ہیں۔ کچھ لوگ بینک رپٹ ہوجاتے ہیں اور خود کو غائب کرلیتے ہیں۔ حقیقت میں بھی لاپتا ہوتے ہیں لیکن دھوکے بھی کیے جاتے ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ نے نے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرکے رپورٹ طلب کرلی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنجاب حکومت کی وضاحت: مساجد کے ائمہ کی رجسٹریشن سے متعلق خبریں بے بنیاد قرار
پنجاب حکومت نے صوبے میں مساجد کے ائمہ کی رجسٹریشن سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح تردید جاری کر دی ہے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق، سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پنجاب میں ائمہ کرام کی رجسٹریشن اور خطبہ جمعہ کے لیے اجازت نامے کا کوئی نیا قانون یا ضابطہ متعارف کرایا گیا ہے، لیکن حقیقت میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ائمہ کرام یا علمائے دین کی رجسٹریشن سے متعلق کوئی قواعد و ضوابط جاری نہیں کیے، اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے چلنے والی تمام خبریں جھوٹے پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔
حکومت نے عوام اور علما سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی گمراہ کن اطلاعات پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات پر یقین کریں۔