متحدہ عرب امارات میں بھارت کے دو شہریوں کو سزائے موت دے دی گئی
اشاعت کی تاریخ: 6th, March 2025 GMT
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دو مزید بھارتی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا گیا۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ امور کے مطابق عدالت کی جانب سے فیصلے کو برقرار رکھنے کے بعد کیرالا سے تعلق رکھنے والے محمد ریناش ارنگیلوتو اور مرلی دھرن پیرمتھاٹا کی سزا پر عملدرآمد کیا گیا۔
دونوں بھارتی شہریوں کو قتل کے مختلف الزامات ثابت ہونے کے بعد یو اے ای میں 28 فروری کو سزائے موت دی گئی۔
واضح رہے گزشتہ ماہ 15 فروری کو ابو ظہبی میں 33 سالہ شہزادی خان کو چار ماہ کے شیر خوار بچے کے قتل کے جرم میں سزائے موت دی گئی تھی۔
خاتون کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ انہیں ان کی سزا کے متعلق کوئی معلومات نہیں تھی جبکہ بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ یو اے ای نے اس متعلق ان کو 28 فروری کو بتایا۔
شہزادی خان کی موت سے قبل 13 فروری کو بھارتی وزیر خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے پارلیمان میں بتایا کہ عرب امارات میں 29 بھارتی سزائے موت کے منتظر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں 12، کویت میں تین جبکہ قطر میں ایک شخص کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان مخالف بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب
بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کی ایک اور مثال سامنے آگئی۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی چینل ’’انڈیا ٹوڈے‘‘ کے بے بنیاد دعوؤں کی حقیقت واضح کرتے ہوئے بتایا کہ اس خبر کا کوئی مصدقہ ذریعہ موجود نہیں۔
پاکستان دشمنی میں مبتلا بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔ گودی میڈیا جھوٹ، فریب اور پروپیگنڈا کے ہتھیار سے خطے میں بدامنی پھیلانے میں مصروف ہے۔
پاکستانی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی چینل ’’انڈیا ٹوڈے‘‘ کے گمراہ کن دعوؤں کا پردہ چاک کردیا۔ بھارتی چینل نے جھوٹا دعویٰ کیا تھا کہ ’’افغان طالبان نے ایک پاکستانی داعش (ISIS) جنگجو کی ویڈیو جاری کی ہے‘‘۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ویڈیو میں جھوٹا اعتراف کیا گیا کہ مبینہ دہشتگرد نے بلوچستان میں لشکرِ طیبہ سے منسلک کیمپوں میں تربیت حاصل کی اور داعش خراسان کے ساتھ افغانستان میں کارروائیوں میں حصہ لیا۔
پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے واضح کیا کہ کسی بھی سرکاری یا مصدقہ طالبان چینل نے ایسی کوئی ویڈیو جاری نہیں کی۔ وزارت کے مطابق یہ من گھڑت خبر ’’انڈیا ٹوڈے‘‘ نے غیر مصدقہ ذرائع سے شائع کی اور دیگر بھارتی اداروں نے بھی بغیر کسی تصدیق کے اسے پھیلایا۔
وزارتِ اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ اور افغان طالبان کے ترجمان نے بھی کسی پاکستانی داعش جنگجو کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان مخالف بیانیہ کو فروغ دے رہا ہے، اور اپنے گودی میڈیا کے ذریعے جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈا کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں بدامنی اور دہشتگردی کو ہوا دی جاسکے۔