چھوٹے، درمیانے کاروبار کو بڑھانے کیلئے کام کر رہے ہیں: وزیراعظم، فنی تربیت کے تمام اداروں کو ضم کرنیکی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 7th, March 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمیڈا سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مائیکرو انٹرپرائزز کو ایس ایم ای سیکٹر کا حصہ بنا دیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیان درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے سمیڈا میں نئی ہنرمند افرادی قوت بھرتی کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ورک فورس کی تنخواہ مارکیٹ ریٹس کے مطابق ہو۔ ایس ایم ای شعبے کیلئے لیبر کی پیشہ ورانہ تربیت انتہائی ضروری ہے۔ سمیڈا کا ہماری دیہی معیشت کی بڑھوتری میں اہم کردار ہے۔ دیہی آبادی کو بلاسود قرض پروگرام میں مستفید کرنے کیلئے لائحہ عمل بنایا جائے۔ وزیراعظم نے وفاقی سطح پر پیشہ ورانہ تربیت کے تمام اداروں کو ایک ادارے میں ضم کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو مارکیٹ اور صنعتوں میں درکار ہنر اور کھپت کے مطابق تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم منصوبے پر عملدرآمد کے عمل کی خود نگرانی کریں گے جبکہ اس حوالے سے ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت بھی خود کرنے کا فیصلہ کیا۔ شہباز شریف نے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت کیلئے مقامی صنعتوں سے مسلسل روابط اور افرادی قوت کے بین الاقوامی اداروں کی کھپت کو مدنظر رکھنے جبکہ مقامی صنعتوں میں درکار ہنر کے حوالے سے جامع ڈیٹا بیس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری ہنر کی فراہمی سے با اختیار اور بر سر روزگار بنا رہے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت کی فراہمی سے افرادی قوت کی برآمد کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پلان پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو آئندہ4 برس میں مختلف اداروں کے ذریعے تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ 4 برس میں 24 لاکھ سالانہ سے لے کر 60 لاکھ سالانہ تک نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی سے روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد کی جائے گی جبکہ نوجوانوں کی ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کیلئے مارکیٹ اور صنعتوں و بین الاقوامی سطح پر افرادی قوت کی کھپت کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔ دوران اجلاس وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب حتمی مراحل میں ہے جس کا اجرا رواں ماہ کر دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ تمام وزارتوں واداروں کی اس حوالے سے کاوشوں کی تعریف کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمشن ڈاکٹر مختار احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر معین وٹو اور وزیر مملکت ملک رشید احمد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں شمولیت پر وفاقی وزیر معین وٹو اور وزیر مملکت ملک رشید کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پیشہ ورانہ تربیت نوجوانوں کو افرادی قوت شہباز شریف کی فراہمی کی ہدایت کرنے کی
پڑھیں:
ٹیکس اصلاحات کے مثبت نتائج آ رہے ہیں، کرپشن کے خاتمے میں مصروف: شہباز شریف، نوازشریف سے ملاقات
اسلام آباد‘ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مالی سال 2025ء میں 59 لاکھ ریکارڈ ٹیکس گوشوارے جمع ہونے پر ایف بی آر حکام کی کارکردگی کی تعریف اور ذمہ داری کا ثبوت دینے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 لاکھ نئے ٹیکس فائلرز کا ٹیکس نیٹ میں آنا حکومت کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا عکاس ہے۔ ہفتے کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ٹیکس نظام کی اصلاحات سے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، ایف بی آر میں میرٹ کی بالادستی کو اولین ترجیح دی ہے۔ قابل اور محنتی افسران کی حوصلہ افزائی اور ناقص کارکردگی کی حوصلہ شکنی کے نظام سے ایف بی آر میں پرفارمنس کلچر متعارف کرایا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کی نگرانی بذات خود ہر اجلاس کی ہفتہ وار صدارت میں کی، ٹیکس گوشواروں کو آسان اور سہل بنایا گیا، بندرگاہوں پر خود کار کلیئرنس کے نظام سے کرپشن کے خاتمے اور پرفارمنس کی بہتری کو یقینی بنایا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ غیر رسمی معیشت کے خاتمے کیلئے پوائنٹ آف سیل کی تعداد میں اضافے سے سیلز ٹیکس کی چوری کو روکا گیا، ٹیکس آمدن میں گزشتہ برس کی نسبت 9 ارب کا اضافہ حکومت کی ایف بی آر اصلاحات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایف بی آر کے نظام کی مزید اصلاحات کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے، کرپشن اور غیر رسمی معیشت کے مکمل خاتمے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے گلگت بلتستان کے عوام اور پوری قوم کو گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے جرات، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا۔ یہ دن اس عظیم قربانی، عزم اور وطن سے محبت کی یاد دلاتا ہے جس نے خطے کی تاریخ بدل دی۔ گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی کے تمام مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ آج کا دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی آزادی، اتحاد اور ترقی کے سفر کو نئی توانائی اور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی گلگت بلتستان اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی‘ معاشی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف اور نواز شریف نے پارٹی امور اور حکومتی پالیسیوں پر مشاورت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ نواز شریف نے قومی معاملات پر وزیراعظم کو رہنمائی فراہم کی۔