دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کون ہے؟
اشاعت کی تاریخ: 7th, March 2025 GMT
ہالی وڈ کی معروف اداکارہ نکول کڈمین نے ایک بار پھر دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
فوربس میگزین کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، نکول نے 2024 میں مجموعی طور پر 41 ملین ڈالر کمائے، جن میں سے 31 ملین ڈالر ان کا خالص منافع تھا۔
فوربس کی فہرست میں ٹاپ 20 میں صرف تین خواتین شامل ہیں، اور ان میں سے کوئی بھی نوجوان نہیں ہے۔ نکول کڈمین، جو 57 سال کی ہیں، اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔ اس عمر میں بہت کم خواتین کو مرکزی کردار ملتے ہیں، لیکن نکول نے نہ صرف اپنی حیثیت برقرار رکھی بلکہ اپنی شرائط پر فلمیں بھی بنائیں۔
نکول کڈمین نے 2024 میں کئی ہائی پروفائل پروجیکٹس کے ذریعے شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے تین مشہور شوز میں مرکزی کردار ادا کیا، جن میں ’دی پرفیکٹ کپل‘، ’لائنس‘، اور ’ایکسپیٹس‘ شامل ہیں۔ ان شوز میں انہیں ہر قسط کےلیے 1 ملین ڈالر معاوضہ ملا۔
اس کے علاوہ، نکول دو رومانس فلموں ’بے بی گرل‘ اور ’اے فیملی افیئر‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔ دونوں فلمیں کامیاب ثابت ہوئیں، اور ان میں نکول کی جوڑی نسبتاً کم عمر اداکاروں کے ساتھ دکھائی گئی۔
نکول کڈمین نے 17 سال بعد دوبارہ اس فہرست میں ٹاپ پر آنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل 2007 میں وہ دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بنی تھیں، جب ان کی آمدنی 28 ملین ڈالر تھی۔
ٹاپ 20 میں شامل دیگر دو خواتین 61 سالہ مارسیکا ہیریٹیگے اور 40 سالہ اسکارلٹ جوہانسن ہیں، جنہوں نے 2024 میں 25 ملین ڈالر سے زیادہ کمائے۔ تاہم، زینڈایا، سڈنی سوینی، اور فلورنس پیو جیسی نئی نسل کی مشہور اداکارائیں اس فہرست میں شامل نہیں ہوسکیں۔
فوربس کے مطابق، ہالی وڈ کے مختلف نمائندوں کا کہنا ہے کہ نوجوان اداکاراؤں کی مستقبل کے پروجیکٹس کےلیے فیس میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور انہیں بُک کرنا اب بہت مشکل ہوچکا ہے۔ تاہم، عمومی رائے یہ ہے کہ انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ ان کی کامیابی کا براہ راست تعلق ان کی اسٹار پاور سے ہے، تاکہ وہ آئندہ برسوں میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فنکاروں میں شامل ہوسکیں۔
نکول کڈمین کی کامیابی نہ صرف ان کی اسٹار پاور کو ظاہر کرتی ہے، بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ عمر صرف ایک عدد ہے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ اگر آپ میں صلاحیت اور عزم ہو، تو آپ کسی بھی عمر میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سب سے زیادہ معاوضہ لینے فہرست میں ملین ڈالر
پڑھیں:
ایک ہی اداکار کیساتھ ماں، بہن، بیوی اور محبوبہ کا کردار نبھانے والی اداکارہ
بھارتی سنیما کی رنگین اور وسیع دنیا میں بے شمار اداکار جوڑیوں نے ناظرین کے دل جیتے ہیں۔
شیو جی گنیسن اور سروجادیوی، شاہ رخ خان اور کاجول، امیتابھ بچن اور جیا بچن جیسے مشہور جوڑوں نے فلمی دنیا میں یادگار فلمیں پیش کی ہیں۔
تاہم ان میں سے زیادہ تر نے چند فلموں میں ہی ایک ساتھ کام کیا، لیکن ایک جوڑا ایسا بھی ہے جس نے اپنی ایک ساتھ فلموں کی تعداد اور مقبولیت کے اعتبار سے باقی سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ اعزاز ملیالم سنیما کے لیجنڈری اداکار پریم نذیر اور اداکارہ شیلا (جنہیں پیار سے ’سیمی شیلا‘ کہا جاتا ہے) کو حاصل ہے۔
اس جوڑی نے ایک ساتھ حیران کن طور پر130 فلموں میں کام کیا اور اس انوکھے کارنامے نے انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جگہ دلائی۔
شیلا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز تمل فلم انڈسٹری سے کیا، جہاں انہوں نے 1962 میں لیجنڈری اداکار ایم جی رام چندرن کے ساتھ فلم ‘پاسم’ میں ڈیبیو کیا۔
اسی عرصے میں انہیں پہلی مرتبہ ملیالم فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی، جو ان کے شاندار فلمی سفر کی شروعات ثابت ہوئی۔
پریم نذیر کے ساتھ ان کی پیشہ ورانہ شراکت نے ملیالم سنیما کو ایک نئی شناخت دی، دونوں نے مختلف کرداروں میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل اداکاری کی۔
فلموں میں پریم نذیر کے ساتھ شیلا کبھی محبوبہ، کبھی بیوی، کبھی بہن اور حتیٰ کہ ماں کے روپ میں بھی نظر آئیں۔
شیلا کی اداکاری کی صلاحیت کا ایک حیرت انگیز مظاہرہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب ایک ہی دن میں انہوں نے 4 مختلف فلموں کی شوٹنگز کیں، جو تمام چنئی میں ہوئیں۔
انہوں نے صبح کے وقت پریم نذیر کی محبوبہ، دوپہر میں بیوی، شام میں بہن اور رات کو ماں کا کردار ادا کیا، ان تمام مناظر کے درمیان صرف 2، 2 گھنٹے کا وقفہ تھا، یہ آج بھی بھارتی سنیما کی تاریخ میں ایک انوکھا واقعہ مانا جاتا ہے۔
شیلا نے 1983 میں فلمی دنیا کو خیر باد کہا، لیکن اس وقت تک وہ ساؤتھ انڈیا کی سب سے قابلِ احترام اور کامیاب اداکاراؤں میں شمار ہونے لگی تھیں۔
پریم نذیر جنہوں نے 700 سے زائد فلموں میں کام کر کے ایک ناقابلِ یقین ریکارڈ قائم کیا، 1989 میں اس دنیا سے رخصت ہو گئے، بعد از مرگ انہیں پدما بھوشن کے اعزاز سے نوازا گیا۔
شیلا اور پریم نذیر کی جوڑی بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں سب سے زیادہ فلموں میں ایک ساتھ کام کرنے والے جوڑے کا منفرد اعزاز رکھتی ہے۔
ان کا یہ لازوال اشتراک آج بھی فنکاروں اور فلم بینوں کے لیے ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے، جو سنیما کے سنہری دور کی علامت بھی ہے۔
Post Views: 1