بحری جہاز حادثہ، کارگو شپ کے کپتان کو گرفتار کر لیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
YORKSHIRE:
دو روز قبل شمالی سمندر میں دو بحری جہازوں کے درمیان ہونے والے حادثے کے بعد کارگو شپ کے کپتان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پرتگالی پرچم بردار شپ "سولونگ" اور امریکی پرچم بردار آئل ٹینکر "اسٹینا امیکلیٹ" پیر کی صبح مشرقی یارکشائر کے ساحل کے قریب آپس میں ٹکرا گئے تھے۔
ہمبر سائیڈ پولیس نے بتایا کہ کارگو شپ کے 59 سالہ کپتان کو سنگین غفلت کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ سیکرٹری ہیڈی ایلکزانڈر نے کہا کہ ابھی تک کارگو شپ سے دھواں اٹھ رہا ہے مگر دونوں جہازوں کے فی الحال ڈوبنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
جرمن کمپنی ایرنسٹ رس، جو سولونگ کی مالک ہے، نے برطانوی میڈیا کو تصدیق کی کہ گرفتار شخص سولونگ کا کپتان ہے۔ کمپنی نے کہا کہ وہ اور ان کے عملے کے دیگر ارکان تحقیقات میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹ وزیر مائیک کین نے کہا کہ سولونگ کے ایک عملے کا رکن لاپتہ ہے اور اسے مردہ سمجھا جا رہا ہے، جبکہ اس کی سمندر میں تلاش کی کارروائی پیر کی شام ختم ہو گئی تھی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، سولونگ کے عملے میں روسی اور فلپائنی شامل ہیں، جبکہ اسٹینا امیکلیٹ کے 23 عملے کے ارکان امریکی ہیں، جو گریمسبی میں موجود ہیں۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور وہ میری ٹائم اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہی ہے۔
ایچ ایم کوسٹ گارڈ نے تصدیق کی کہ 36 افراد کو بحفاظت کنارے تک پہنچایا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کارگو شپ
پڑھیں:
سعودی بحریہ کے سربراہ کا دورۂ پاکستان، پاک بحریہ کے ساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق
رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل عبدالرحمٰن الغریبی نے نیول ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
اس موقع پر سعودی بحریہ کے سربراہ کو پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وائس ایڈمرل الغریبی نے خطے میں بحری سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان نیول اکیڈمی میں سعودی کیڈٹس کو دی جانے والی معیاری تربیت پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تعاون کے دائرہ کار کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی بحریہ کے سربراہ کے حالیہ دورے سے نہ صرف دوطرفہ بحری تعلقات میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان اشتراک اور ہم آہنگی کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔