جعفر ایکسپریس حملہ؛ انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی ایک زبان بول رہے تھے، وفاقی وزیر اطلاعات
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے بلوچستان میں آپریشن منطقی انجام کو پہنچا، 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا،انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعہ پر ایک زبان بول رہے تھے۔
جعفر ایکسپریس کے سانحے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے بلوچستان میں آپریشن منطقی انجام کو پہنچا اور پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنانے والے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن شروع ہونے سے پہلے 21 جانوں کا نقصان ہوا، پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے،آپریشن کے دوران بہادری اور دلیری کے ساتھ پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کیا۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ٹرین میں 440 افراد سوار تھے، پاک فوج، ایف سی، ایس ایس جی اور ایئر فورس نے مہارت سے اس آپریشن کو مکمل کیا، اور یرغمال مسافروں کو بازیاب کرا کے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، اللہ کا شکر ہے ہم بڑے نقصان سے بچ گئے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے بہت افسوسناک پروپیگنڈا کیا گیا، اورکچھ سیاسی عناصر نے اس افسوسناک واقعے کو اپنی سیاست چمکانے کے لیے استعمال کیا، اس سانحہ پر جو سیاست کھیلی گئی اس کی مذمت کرتے ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات نے تحریک انصاف کو نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعے پر ایک زبان بول رہے تھے،کاش یہ اس آپریشن کے حوالے سے مصدقہ معلومات پر بات کرتے، انہوں نے کہا کہ جھوٹا بیانیہ بنانے پر تحریک انصاف کو شرمسار ہونا چاہیے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پاکستان میں اس طرح کے واقعات کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف افواج پاکستان، سیکورٹی فورسز، پولیس اور رینجرز متحرک ہیں اور دہشت گردوں کا تعاقب کیا جائے گا۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، حکومت پاکستان، افواج پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کا دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم غیرمتزلزل ہے۔
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ بی ایل اے کے دہشت گردوں نے اپنے آپ کو ایکسپوز کیا، ان کی سازش ناکام ہوئی، دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے ہم حوصلے اور ہمت کے ساتھ تیار ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات ہوئی ہے، کل وزیراعظم بلوچستان کا دورہ کریں گے اور تفصیل سے لائحہ عمل پر روشنی ڈالیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ وزیراطلاعات نے بی ایل اے
پڑھیں:
ٹانک ،چیک پوسٹ پر حملہ ، 12 فوجیوں سمیت 15 شہید،12 خوارجی ہلاک
ضلع ٹانک میں قائم مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں کے حملے کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور انہیں ہلاک کر دیا۔
بیان کے مطابق حملے میں ناکامی کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور چیک پوسٹ کے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس حملے میں 15 اہلکار شہید ہوئے، جن میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شامل ہیں، جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وطن کے دفاع، قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے۔