دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پھر بدترین شکست
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
دوسرے ٹی20 میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ ڈنیڈن میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان نے بارش سے متاثرہ 15 اوورز کے گیم میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، پاکستانی اوپنرز ایک مرتبہ پھر ناکامی تصویر بنے نظر آئے، حسن نواز آج پھر کھاتہ کھولے بغیر صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔ محمد حارث 11، خوشدل شاہ 2، جہانداد خان صفر، عرفان خان نیازی 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ بارش سے متاثرہ میچ میں کپتان سلمان آغا نے 46 اور شاداب خان نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ میچز کے اختتامی لمحات میں شاہین آفریدی نے 22 رنز کا اضافہ کیا تاہم انکے علاوہ کوئی بلےباز خاطر خواہ پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔ نیوزی لیںڈ کی جانب سے ایش سودھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز، جیمز نیشم اور مائیکل بریسویل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لیںڈ کے اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا اور 66 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی تاہم ٹم سیفرٹ 22 گیندوں پر 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انکی اننگز میں 5 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ بعدازاں فن ایلین 38، مارک چیمپین 1 اور جیمز نیشم 5 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ تاہم مچل ہے نے 21 اور کپتان مائیکل بریسویل نے 5 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جبکہ محمد علی، خوشدل شاہ اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہوا، جس کے بعد امپائرز نے میچ 15،15 اوورز تک محدود کردیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
صائم ایوب کی ٹی ٹوئنٹی میں بدترین کارکردگی، نیا ریکارڈ بنا لیا
پاکستانی بیٹر صائم ایوب نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر لیا۔ صائم ایوب نے اپنے 51 میچوں میں دسویں بار صفر پر آؤٹ ہو کر سابق کھلاڑی عمر اکمل کا 10 بار صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ عمر اکمل نے 84 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں یہ ناپسندیدہ ریکارڈ بنایا تھا۔ صائم ایوب کے علاوہ سابق کپتان شاہد آفریدی اور بابر اعظم بھی آٹھ آٹھ بار صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کامران اکمل، محمد نواز اور محمد حفیظ سات سات بار صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب، جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے بھی جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے پہلے اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ڈی کوک صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی ڈی کوک نے 96 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 8 بار صفر پر آؤٹ ہو کر جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ قائم کیا۔ جنوبی افریقہ کے اینڈائل فیلوک وائیو 7 بار صفر پر آؤٹ ہو کر دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ٹمبا باووما، جے پی ڈومنی اور ریزا ہینڈرکس چھ چھ بار صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔