چلتی گاڑی پر فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے سابق ناظم جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 20th, March 2025 GMT
پشاور:
خیبر پختونخوا میں رستم کے علاقے میں چلتی گاڑی پر فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے سابق ناظم جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق رستم کے علاقے ملندری روڈ پر چلتی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں سابق ناظم ایوب خان آف ملندری جاں بحق ہو گئے۔
نامعلوم ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے لاش کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول سابق ناظم ایوب خان کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں چار افراد زخمی
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹاؤن کے علاقے بخش علی گوٹھ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی نجی اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی شناخت 25 سالہ عبدالرزاق اور 32 سالہ بلال کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن چوہدری نواز نے بتایا کہ بچوں کا کرکٹ کھیلنے پر جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد بڑے بھی اس جھگڑے میں کود گئے اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
تاہم، پولیس کو فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار شیریں بیکری کے قریب فائرنگ سے 28 سالہ جاوید زخمی ہوگیا پولیس واقعے کو زاتی جھگڑے کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے جبکہ کلفٹن بلاک 8 پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے 45 سالہ راحیل شیخ نامی شخص شدید زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے مضروب کے پیٹ پر گولی لگی تھی جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔